لاہور:نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ایوان میں جو کچھ ہوا اس پر انکوائری کمیٹی بنائیں گے، ہم کسی سے انتقام نہیں لیں گے، قانون اپنا راستہ لے گا،انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دھاندلی کے ذریعے الیکشن چرایا تھا، آج بھی شکست دیکھ کر اسمبلی سیل کرا دی، یہ ڈپٹی اسپیکر پر نہیں، ایوان پر حملہ تھا۔
حمزہ شہباز نے پنجاب اسمبلی میں بات کرتے ہوئے کہا کہ آج ڈپٹی اسپیکر کو روسٹرم پر آکر نشانہ بنایا گیا، یہ ڈپٹی اسپیکر نہیں ایوان پر حملہ ہے، اللہ کا شکر ہے ڈپٹی اسپیکر محفوظ رہے، وقت گزر جاتا ہے لیکن کردار یاد رہتے ہیں، کسٹوڈین آف دی ہاؤس نے آئین کی پاسداری کا حلف لیا ہوتا ہے، جب ہار نظر آئے تو اسمبلی کو سیل کرا کے حملہ کرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ جسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے، پچھلے دوہفتوں سے ایک ہیجانی کیفیت میں قوم مبتلا رہی، ادھر سے حملہ ہوتا ہے اور اجلاس کی کارروائی کو چلنے نہیں دیا گیا، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا آئین و قانون کے مطابق الیکشن ہوگا، ایوان کے دروازے ممبران پر بند کردیئے جاتے ہیں، ڈپٹی اسپیکر سے اختیارات بھی واپس لیے گئے۔
حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم پندرہ دن سے پریشان تھی، سب چیزوں کے باوجود آج جمہوریت کی فتح ہوئی، اتحادی جماعتوں،علیم خان، حسن مرتضیٰ، جہانگیر ترین، ملک اسد کھوکھر، راہ حق پارٹی اور سب کا ساتھ دینے پر شکر گزار ہوں،ڈپٹی اسپیکر نے آج اپنا فرض بہادری سے ادا کیا، ایوان کے توسط سے ڈپٹی اسپیکر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ڈپٹی اسپیکر کے احکامات کو نہیں مانا گیا، ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود آئین وقانون کا مذاق اڑایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی بحران آیا عمران نے کہا مافیا ملوث ہے، ان کی حکومت نے 61 فیصد بجلی مہنگی کی، 8 روپے والا یونٹ آج 27 روپے کا ہوگیا ہے، ان کی نااہلی کی وجہ سے 7 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں نہیں آ رہی۔مسلم لیگ کی حکومت میں پانچ اعشاریہ 8 فیصد گروتھ تھی، پانچ اعشاریہ 8 فیصد گروتھ ریٹ زمین بوس ہوگیا ہے، چینی بحران کے دوران ماؤں، بہنوں کو لائنوں میں لگنا پڑا، کورونا آیا توبخار کی دوائی ناپید ہوگئی۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے ایک کروڑ نوکریوں کا جھانسا دیا، پچاس لاکھ گھر بنانے کے بجائے غریب کا گھر گرا دیا گیا، بنی گالہ کے گھر کو ریگولرائز کرانا کونسی ریاست مدینہ ہے، عمران خان نے دھاندلی کر کے الیکشن چرایا تھا، دھاندلی کے باوجود ہم نے جمہوریت کا ساتھ دیا، جہانگیرترین، علیم خان اور میرے خلاف مقدمات بنائے گئے، کوئی بات نہیں برا وقت آتا ہے اور چلاجاتا ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ جلسوں میں دوست ملکوں کو للکارا اور کبھی ’ابسولیٹلی ناٹ‘کہا جاتا ہے، کبھی یورپی یونین کو دھمکیاں دی جاتی ہیں، چین جیسے دوست ملک کو ناراض کر دیا گیا، مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوا، اپنے قائد نواز شریف، شہباز شریف کا شکر گزارہوں، اپنی جماعت کا شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھ کارکن کو موقع دیا۔
انہوں نے کہا کہ چھ ماہ آئی ایم ایف جانے میں انہوں نے لگا دیئے، روپے کی قدر کم ہونے پر آئی ایم ایف کے گھٹنوں میں بیٹھ گئے، آج اسپیکر کی کرسی کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا؟ ہماری خواتین پر حملہ کرایا گیا، جو زیادہ گالی دیتا ہے اس ٹائیگرز کو شاباش ملتی ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ پوسٹنگ، ٹرانسفر کرانے کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس سے رشوت لی جاتی تھیں، پنجاب میں پانچ آئی جی تبدیل کر دیئے گئے، پنجاب میں امن و امان کی صورتحال سب کے سامنے ہے، لاہور میں صفائی کرنے والی ترک کمپنی کو بند کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ساہیوال، بچی کے آنسو آج بھی یاد ہیں، موٹروے میں خاتون سے زیادتی ہوئی تو سی پی او نے کہا خاتون رات کو کیوں باہر نکلی، سیف سٹی کا 18 ارب کا منصوبہ شہباز شریف نے لگایا، سیف سٹی کے 30 فیصد کیمرے آج بند پڑے ہیں۔
مزید پڑھیں: عمران خان کراچی پہنچ گئے، سابق گورنر سندھ کے ہمراہ ایئرپورٹ سے روانہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








