بھارتی دہشت گردی کیخلاف دنیا بھر میں آواز اٹھائیں گے، راجہ نجابت حسین

تازہ ترین

تازہ ترین

we will raise the voice against indian terrorism: raja najabat hussain

اسلام آباد :ایل او سی پر بھارتی جارحیت اور سول آبادیوں کو نشانہ بنانے کیخلاف جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کا دیگر کشمیری تنظیموں، سول سوسائٹی کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ، نیشنل پریس کلب کے سامنے مظاہرے میں بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

احتجاجی مظاہرے کی قیادت چیئرمین جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین، حریت رہنما عبد الحمید لون، حریت رہنما سید منظور شاہ اور دیگر نے کی۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت فورسز کشمیر کے دونوں اطراف ٹارگٹ کلنگ کررہی ہیں ،نیلم، لیپہ ویلی میں سول آبادی پر فائرنگ ایل او سی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

بھارتی فورسز کی بلا اشتعال گولہ باری سے کئی گھر جل کر راکھ ہوگئے، قیمتی جانوں و املاک کو نشانہ بنایا گیا، بھارتی فورسز کے بزدلانہ اقدام کی بھر پور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

مقررین نےاقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لیا جائے، لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی بھر پور الفاظ میں مذمت کی گئی۔

اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے چیئرمین جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی اور مظالم کے خلاف پوری دنیا میں بھرپور آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔

بھارت کی ایل او سی پر جارحیت اور کشمیر کے اندر بربریت سے دونوں اطراف کشمیریوں کا خون بہہ جارہا ہے، بھارتی جارحیت انتہائی قابل مذمت کرتے ہیں، ہم برطانیہ، یورپ میں بھی بھارتی جارحیت اور ایل او سی پر فائرنگ کے خلاف بھر پور آواز اٹھائیں گے۔

راجہ نجابت حسین نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کررہا ہے، مودی سرکار کی دہشت گرد فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت کے ساتھ ساتھ ایل او سی پر بھی مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔

وادی نیلم میں بھارتی فورسز کی سویلین آبادیوں پر بربریت و مظالم پر عالمی توجہ کے لیے دنیا بھر میں آواز اٹھائیں گے۔

راجہ نجابت حسین نے کہا کہ سول آبادیوں پر بھارتی فائرنگ کھلی درندگی ہے وقت آگیا ہے ہندوستان کو منہ توڑ جواب دیا جاے۔

اس موقع پر حریت رہنما عبد الحمید لون، حریت رہنما سید منظور شاہ اور دیگر نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوجاتا ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

ہندوستانی فورسز کی جانب سے سیز فائر لائن پر گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہیں، حریت رہنماؤں نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جو کہ قابل تحسین ہے۔

حریت رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ بھارت عالمی دہشت گرد ہے اور اسے ایف اے ٹی ایف کی دہشت گرد لسٹ میں شامل کیا جائے۔

مزید پڑھیں:راولپنڈی رنگ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا فیصلہ

بھارت کشمیر کے اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی پر اشتعال انگیزی کر رہا ہے۔ احتجاجی مظاہرے میں سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے رہنماؤں اور خواتین رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

Related Posts