پنجاب کے شہر لودھراں کے شادی والے گھر میں صفِ ماتم بچھ گئی ہے، ملزم نے شادی کیلئے بیوٹی پارلر میں تیار ہونے کیلئے آئی ہوئی دلہن کو قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم نے دلہن کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔ ڈی ایس پی عابد حسین کا کہنا ہے کہ 20 سالہ سدرہ کی شادی تھی، جو بارات کے موقعے پر تیار ہونے کیلئے بیوٹی پارلر پہنچی تھی، جسے ملزم نے اسی دوران قتل کیا۔
لودھراں پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت مدثر کے نام سے ہوئی جو مقتولہ کے ماموں کا بیٹا تھا اور قتل کے بعد اس نے اپنی بھی گردن پر چھری پھیر لی۔ راجہ پور میں پیش آنے والے اس واقعے نے شادی کی بارات کو جنازے میں بدل دیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم مدثر مقتولہ سے شادی کا خواہش مند تھا لیکن اہل خانہ نے اس کی شادی کہیں اور کرنے کی ہامی بھر لی اور عین شادی کے روز ہی ملزم نے قتل کی واردات سرانجام دے دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں میتیں ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ پنجاب سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں بھی پسند کی شادی کو جرم سمجھا جاتا ہے، جس کے باعث معاشرے میں قتل کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ کبھی پسند کی شادی نہ کروانے پر لڑکا لڑکی کو اور خود کو قتل کرتا ہے تو کبھی والدین پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کی ہی جان لے لیتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








