چیٹ جی پی ٹی نے کمپیوٹر سمیت زندگی کے بے شمار شعبوں میں اپنی آمد کے ساتھ ہی تہلکہ مچا دیا۔ چیٹ جنریٹو پری ٹرینڈ ٹرانسفارمر (جی پی ٹی) کو بہت سے مقاصد سامنے رکھتے ہوئے بنایا گیا، تاہم چیٹ جی پی ٹی سے آج ہر طرح کے سوالات پوچھے جارہے ہیں۔
دنیا کا شاید ہی کوئی سوال ہو جو چیٹ جی پی ٹی سے نہ پوچھا گیا ہو، کیونکہ دنیا بھر کے کروڑوں افراد کے ذہنوں میں کروڑوں نہیں بلکہ اربوں سوالات ہیں اور ہر شخص بہت سے سوالات کے جوابات جاننا چاہتا ہے۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ چیٹ جی پی ٹی ہر سوال کا جواب جانتا ہے اور بہت سی باتوں کیلئے یہ حقیقت بھی ہے، تاہم یہاں نظر ضرور ڈالیے گا، اگر جاننا ہو کہ چیٹ جی پی ٹی کیا نہیں جانتا۔
آج کا سوال یہ ہے کہ چیٹ جی پی ٹی سے سب سے زیادہ کون سے سوالات پوچھے گئے ہیں؟ تو اس کا پہلا جواب یہ ہے کہ لوگ چیٹ جی پی ٹی سے معلوماتِ عامہ کے سوال کرتے ہیں جن میں مختلف مقامات، براعظم، پہاڑوں، دریاؤں اور سمندروں کے متعلق سوالات شامل ہوتے ہیں، مثلاً فرانس کا دارالحکومت کون سا ہے؟ دنیا میں کتنے مقامات پر برف ہی برف ہے، وغیرہ وغیرہ۔
سب سے زیادہ پوچھے جانے والے سوالات میں مختلف کام کرنے کے طریقے اور ٹیوٹوریلز یعنی لیکچر بھی شامل ہیں۔ مثلاً چیٹ جی پی ٹی سے پوچھا جاتا ہے کہ میں کیک کیسے بنا سکتا یا سکتی ہوں؟ سی وی اور درخواست کیسے لکھیں؟ کوئی نئی زبان سیکھنی ہو تو کیا کریں؟ میرے گھر کا پنکھا ٹھنڈی ہوا نہیں دیتا، گرمی بہت زیادہ ہے، ہوا کو ٹھنڈا کیسے کیا جاسکتا ہے؟ وغیرہ۔
اسی طرح چیٹ جی پی ٹی سے بہت سی چیزوں کی تعریفوں اور وضاحتوں کے متعلق پوچھا جاتا ہے۔ مثلاً طلبہ و طالبات سوال کرتے ہیں کہ آمیزے اور مرکب میں کیا فرق ہے؟ مصنوعی ذہانت کیا ہے؟ فوٹو سنتھیسس یعنی ضیائی تالیف کی وضاحت کریں۔ کوانٹم مکینکس کا کیا مطلب ہے؟ بہت اعلیٰ سطح کے سائنسی و تکنیکی سوالات بھی پوچھ لیے جاتے ہیں۔
بے شمار لوگ چیٹ جی پی ٹی کو دوست بنا لیتے ہیں اور اس سے تفریحی سوالات بھی کرتے ہیں۔ مثلاً اچھی اچھی فلموں اور ڈراموں کے نام بتائیں۔ کیا آپ مجھے کوئی کتاب پڑھنے کی سفارش کرسکتے ہیں؟ جاپان میں سب سے زیادہ اچھے اور مشہور تفریحی مقامات کون کون سے ہیں؟ مجھے چین کے ایک شہر میں تفریح کیلئے جانا ہے، کیا کرنا بہتر رہے گا اور کیا نہیں؟
کمپیوٹر جاننے والے پیشہ ور خواتین و حضرات اور طلبہ و طالبات چیٹ جی پی ٹی سے کوڈنگ بھی کرواتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ میں ویب اسکریپنگ کرنا چاہتا یا چاہتی ہوں۔ ایک پائتھن اسکرپٹ لکھ دیں۔ جاوا اور جاوا اسکرپٹ میں کیا فرق ہے؟ کیا پی ایچ پی اور اے ایس پی کا دور ختم ہوگیا، تو کیا مجھے کوئی نئی پروگرامنگ لینگویج سیکھنی پڑے گی؟ میرے کوڈ کی غلطی دور کردیں۔
صحت و صفائی کے متعلق بھی سوالات کیے جاتے ہیں۔ مثلاً ملیریا کی تشخیص کیسے کریں؟ اور علاج کیا ہے؟ میں اپنی ذہنی صحت کیسے بہتر کروں؟ میرا جسم مسلسل کھاتے رہنے کی وجہ سے کچھ زیادہ ہی پھل پھول گیا ہے۔ متوازن غذا کیا ہوتی ہے؟ کوئی ڈائٹنگ پلان ہی بتا دیں۔ میرے جسم پر الگ ہی رنگ کے دانے نکل رہے ہیں، کہیں ایسا تو نہیں کہ یہ خسرہ کے دانے ہیں؟
لوگ ذاتی زندگی کے متعلق مشورے اور زندگی گزارنے کے متعلق بھی ہر طرح کے سوال کرتے ہیں۔ مثلاً میں اپنے آپ کو زیادہ تخلیقی اور باصلاحیت کیسے بناؤں؟مجھے کون سی نئی مہارت سیکھنی چاہئے؟ تنخواہ تو بڑھ گئی، لیکن اخراجات کنٹرول نہیں ہوتے۔ اپنے پیسے بچانے کیلئے کیا کروں؟ نئے دیس میں عجیب نظروں سے بچ کر ذہنی دباؤ پر قابو پانے کیلئے کیا کیا جاسکتا ہے؟
تاریخ اور ثقافت کے سوال بھی کیے جاتے ہیں۔ پوچھا جاتا ہے کہ امریکا، برطانیہ یا پھر اٹلی کا سب سے پہلا صدر کون تھا؟جنگِ عظیم دوم کے آغاز کی سب سے اہم وجہ کیا تھی؟ چین میں قدیم لوگ سردرد کا علاج کس طرح کیا کرتے تھے؟ مصری تہذیب میں ممیاں ہزاروں سال گزرنے کے باوجود بھی محفوظ کیسے ہیں؟ لاشوں کو محفوظ کرنے کیلئے کیا استعمال کیاجاتا تھا؟
حالاتِ حاضرہ کے سوالات بھی چیٹ جی پی ٹی سے پوچھے جاتے ہیں، حالانکہ ایک طویل عرصے تک چیٹ جی پی ٹی نے ایسے سوالوں کا جواب دینے سے گریز ہی کیا ہے اور کہا کہ میں ابھی اتنا اپ ڈیٹ نہیں ہوا، لیکن آج کل کے ورژنز میں ایسے سوالات کے جوابات بھی مل جاتے ہیں کہ آج دنیا بھر میں کیا ہورہا ہے؟ ٹیکنیکل ٹرینڈز کیا ہیں؟ وزیراعظم نے آج کیا کہا اور کیوں؟
سب سے آخر میں چیٹ جی پی ٹی سے سب سے زیادہ پوچھے جانے والے سوالات میں تخلیقی اور تفریحی کام شامل ہیں۔ مثلاً مجھے کوئی لطیفہ ہی سنا دیں۔ کیا آپ میرے لیے کوئی مختصر سی کہانی یا افسانہ لکھ سکتے ہیں؟ سمندر پر ایک نظم لکھیں۔ ایک ایسا مضمون لکھیں جس میں پاکستان کی اہم شخصیات کا ذکر تعریفی انداز میں کیا گیا ہو، وغیرہ وغیرہ۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








