افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے کہا ہے کہ طالبان حکومت کی متوازن سیاست اور معتدل پالیسی کے باعث افغانستان میں دنیا کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے، اگلے چھ ماہ میں بڑی اچھی پیش رفت نظر آئے گی اور ملک میں بڑے منصوبوں کا آغاز ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغان وزارت خارجہ کے ملازمین کے لیے “دینی احکام و مسائل” کے عنوان سے منعقدہ خصوصی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
افغان وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان مذہبی اور محب وطن قوم ہے اور وہ اپنی اقدار سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔
امریکہ، نیٹو، سوویت یونین اور برطانوی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغان قوم کبھی کسی طاقت کے سامنے نہیں جھکی اور اپنے دین پر ہمیشہ ڈٹی رہی۔
ملا متقی نے مزید کہا کہ دینی اور جدید تعلیم دونوں اسلامی حکومت کی ضروریات میں سے ہیں لہذا دونوں کی اہمیت مسلمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم افغان اور غیر افغان لوگ امارت اسلامیہ کے زیر انتظام سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے کام اور خدمات سے خوش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک ہمارے سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں بدعنوانی ختم ہو چکی ہے، ریونیو اکٹھا کر کے انہیں بڑی شفافیت کے ساتھ سرکاری خزانے منتقل کیا جارہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








