پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے حکومتی فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے اسے ایک مناسب اور درست اقدام قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ ہمیشہ اس بات پر یقین رکھتے آئے ہیں کہ کرکٹ بعض اوقات سیاسی کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کر سکتی ہے تاہم موجودہ حالات میں پاکستان کا یہ فیصلہ قابلِ فہم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنا اگرچہ افسوسناک ہے لیکن وہ اس معاملے میں اپنی حکومت کے موقف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے لیے یہ ایک اہم امتحان ہے کہ وہ صرف بیانات تک محدود نہ رہے بلکہ عملی اقدامات سے ثابت کرے کہ وہ ایک غیر جانبدار، خودمختار اور تمام رکن ممالک کے ساتھ یکساں سلوک کرنے والا ادارہ ہے۔
انہوں نے اس تناظر میں بنگلا دیش کے معاملے کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ بنگلا دیش نے بھارت میں سیکیورٹی خدشات کے باعث آئی سی سی سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی تاہم آئی سی سی نے اس مسئلے کو حل کرنے کے بجائے ٹورنامنٹ میں اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس صورتحال کے بعد حکومت پاکستان نے بنگلا دیش کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے 15 فروری کو بھارت کے خلاف ہونے والا ہائی وولٹیج میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا جس پر شاہد آفریدی نے حکومتی فیصلے کی مکمل حمایت کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








