اسلام آباد میں 50 ہزار کے جرمانے شروع، کیپٹل ٹیریٹری پروہیبیشن آف پلاسٹک بک کورز بل 2026 کیا ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد
(فوٹو: ڈان)

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے کتابوں پر چڑھائے جانے والے پلاسٹک کورز پر پابندی سے متعلق بل کی منظوری کے بعد ’’اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پروہیبیشن آف پلاسٹک بک کورز بل 2026‘‘ فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا، جبکہ شیری رحمان نے اس قانون سازی کو ماحولیات کے تحفظ کے لیے ایک اہم اور تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بل پیش کرنے والی رکن پارلیمنٹ اور نائب صدر پی پی پی شیری رحمان کا کہنا ہے کہ یہ قانون سنگل یوز پلاسٹک اور نقصان دہ ’’فاریور کیمیکلز‘‘ کے خلاف ایک مضبوط اقدام ہے اور  پلاسٹک کو مکمل طور پر تحلیل ہونے میں 10000سال تک کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

شیری رحمان کا کہنا ہے کہ پلاسٹک دریاؤں، ندی نالوں، لینڈ فلز، ساحلی پٹیوں اور مجموعی ماحول کو مسلسل آلودہ کر رہا ہے۔ دنیا بھر میں اب تک 40 کروڑ ٹن سے زیادہ پلاسٹک فضلہ جمع ہو چکا ہے، جبکہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 3 ملین ٹن پلاسٹک کچرا پیدا ہوتا ہے، جس میں سے صرف لگ بھگ 3 فیصد ری سائیکل کیا جاتا ہے۔

قانون کے مطابق پلاسٹک کورز پر پابندی کی  پہلی مرتبہ خلاف ورزی کرنے والوں پر کم از کم 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ شہریوں سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف شکایات درج کروائیں، جبکہ بڑے تجارتی مراکز اور ریٹیلرز پر زور دیا گیا ہے کہ وہ پلاسٹک کورز سمیت غیر ضروری پلاسٹک اشیا کا استعمال بند کریں۔

نائب صدر پی پی پی شیری رحمان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال میں تیزی سے کمی لائی جا رہی ہے اور پاکستان کو بھی اس حوالے سے مؤثر اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

Related Posts