ڈیڈ پول سلسلے کی تیسری فلم کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی ہے جبکہ سیریز کی پہلی فلم فروری 2016 میں ریلیز کی گئی تھی جو کروڑوں کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔
تفصیلات کے مطابق ڈیڈ پول 3 جس کا ٹائٹل ڈیڈ پول اینڈ ولورائن رکھا گیا ہے جبکہ فلم کو رواں برس 26جولائی کو ریلیز کیا جائے گا۔ دلچسپ طور پر ڈیڈ پول کی ریلیز کیلئے دی جانے والی یہ چوتھی تاریخ ہوگی جبکہ پہلی بار فلم کی ریلیز 6ستمبر کو متوقع تھی۔
فلم کی ریلیز کیلئے دوسری تاریخ گزشتہ برس 8نومبر کو رکھی گئی اور پھر 3 مئی کی تاریخ کا اعلان بھی کیا گیا۔ نئی تاریخ سامنے آنے کے بعد ڈیڈ پول 3 کا بے چینی سے انتظار کرنے والے فلم بینوں کیلئے ٹریلر بھی ریلیز کردیا گیا ہے۔
یوٹیوب پر ریلیز کیے گئے ٹریلر کو گزشتہ 9گھنٹوں کے دوران 82لاکھ افراد نے دیکھ لیا جن میں سے 6 لاکھ کے لگ بھگ افراد نے ویڈیو پر پسندیدگی کی مہر بھی ثبت کی جبکہ فلم کے ٹریلر میں ڈیڈ پول مسیحائی کا دعویٰ کرتا بھی نظر آتا ہے۔
ٹریلر میں ڈیڈ پول کو مختلف دشمنوں سے لڑتے دکھایا گیا ہے جبکہ ایک موقعے پر ڈیڈ پول کا مرکزی کردار ایک دھماکے کے بعد زمین پر گر جاتا ہے جس کے بعد ٹریلر میں ولورائن کی آمد ہوتی ہے جو مارول سیریز کا ایک اور سپر ہیرو ہے۔
ڈیڈ پول سیریز میں ماضی کی فلموں میں حیرت انگیز کردار ادا کرنے والے ایک اور ہیرو کی آمد نے فلم بینوں کی ٹریلر میں دلچسپی بڑھا دی ہے۔ شائقینِ فلم کی بڑی تعداد نے ڈیڈ پول کے ٹریلر پر پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے فلم کیلئے اچھی توقعات کا اظہار کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








