محکمۂ موسمیات نے کراچی میں 23 جولائی کی شام سے شدید بارش کی پیش گوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 23 جولائی سے 26 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کے ایک اور سسٹم کے زیر اثر 22 جولائی کی رات یا 23 کی صبح طاقتور ہواؤں کا سلسلہ سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
مون سون سسٹم 26 جولائی تک سندھ پر اثر انداز رہے گا، 23 سے 26 جولائی کے دوران تھرپارکر، عمر کوٹ میں اکثر مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق میرپور خاص، بدین، ٹھٹھہ سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوگی۔
خضدار، لسبیلہ، حب اور کیرتھر رینج میں تیز بارشوں سے حب ڈیم پر دباؤ پڑ سکتا ہے، جبکہ دادو،جامشورو اور نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلہ آنے کا امکان ہے۔
کراچی میں 24 سے 26 جولائی کے دوران اکثر مقامات پر گرج چمک کیساتھ طوفانی بارش متوقع ہے، جبکہ کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا ہے،جبکہ مطلع کبھی مکمل اور کبھی جزوی ابر آلود رہے گا۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی تک رہ سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








