کراچی میں بارش کا پانی کہاں کہاں پر موجود ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی میں بارش کا پانی کہاں کہاں پر موجود ہے؟
کراچی میں بارش کا پانی کہاں کہاں پر موجود ہے؟

کراچی: شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے کئی مقامات پر بارش کا پانی کھڑا ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے شروع ہونے والی معتدل بارش صبح تک جاری رہی۔ شہر میں نکاسیٔ آب کے ناقص انتظامات کے باعث مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے۔

کراچی میں کئی مقامات پر بارش کا پانی کھڑا ہے، جن میں گارڈن، شارع فیصل، ڈیفنس، یونیورسٹی روڈ، اردو بازار، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، کلفٹن اور دیگر علاقے شامل ہیں، جہاں پر رات گئے تیز بارش ہوئی جس سے سڑکوں پر ایک بار پھر پانی کھڑا ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں:

ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے نادرا کے پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز ہوگیا

رات گئے ہونے والی بارش سے سندھ اسمبلی کی سڑک پانی میں ڈوب کر ناقابل استعمال ہوگئی جب کہ سندھ ہائیکورٹ، سندھ سیکرٹریٹ، برنس روڈ، عبداللہ ہارون روڈ اور اردو بازار کی گلیاں بھی پانی میں ڈوب گئیں۔

علاوہ ازیں جناح روڈ پر سیون ڈیز کے سامنے دونوں ٹریک پر پانی جمع ہے جب کہ سول اسپتال کے اطراف بھی پانی جمع ہونے سے اسپتال آنے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آئندہ چند روز تک مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جس کے باعث ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ شمال مغربی راجستھان اور شمال مشرقی سندھ پرموجود ہے، آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران نواب شاہ، خیرپور، سکھر،لاڑکانہ اور دیگراضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

Related Posts