قطر میں دنیائے کھیل کے سب سے بڑے میلے فیفا ورلڈ کپ 2022 کا گزشتہ دن آغاز ہوگیا ہے۔ دنیا بھر کے کروڑوں شائقین نے دنیائے فٹبال کے اس سب سے بڑے ایونٹ کا افتتاح ہالی ووڈ اداکار مورگن فری مین اور ایک معذور قطری نوجوان کی جانب سے دنیائے انسانیت کو وحدت اور ایکتا کے اہم پیغام پر مشتمل دلکش انداز میں کرتے ہوئے دیکھا۔
دیکھنے میں ایک چھوٹی اور مختصر سی دنیا نظر آنے والا یہ آدھے دھڑ کا نوجوان بہ الفاظ دیگر “آدھا آدمی” دراصل ایک بڑا اور بے شمار پورے آدمیوں سے بڑھ کر پورا آدمی ہے۔ آئیے جانتے ہیں یہ معذور نوجوان کون ہے؟
فیفا ورلڈکپ 2022 کا سفیر
بیس سال کے اس معذور نوجوان کی عمر غانم المفتاح ہے اور اسے اس کے وطن قطر میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈکپ 2022 کا سفیر قرار دیا گیا ہے۔ غانم المفتاح نہ صرف ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہے بلکہ وہ قطر کی ایک نمایاں اور معروف کاروباری شخصیت بھی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ ایک معروف موٹیویشنل اسپیکر بھی ہیں۔

بچپن میں معذوری اور مشکلات
غانم المفتاح 5 مئی 2002 کو قطر میں پیدا ہوئے۔ پیدائش کے بعد وہ ایک ایسی بیماری کا شکار ہوئے، جس میں ریڑھ کی ہڈی کی نشو و نما رک جاتی ہے۔ اس نایاب بیماری کے باعث غانم ہمیشہ کیلئے معذور ہوگئے۔
معذوری اور آدھے دھڑ کے باعث بچپن میں انہیں اسکولوں نے داخلہ دینے سے انکار کر دیا، آخر کار ایک اسکول میں انہیں داخلہ دے دیا گیا مگر ان کی معذوری کی وجہ سے بچے ان کے ساتھ کھیلنا پسند نہیں کرتے تھے۔

مگر ایسی ہر مشکل اور ہر رکاوٹ کو انہوں نے اپنے والدین اور خاندان کی بھرپور سپورٹ کے ساتھ عبور کیا اور تعلیم کے ساتھ ساتھ کاروبار کی دنیا میں بھی آگے ہی آگے بڑھتے چلے گئے۔
غانم المفتاح آج اپنی ایک کمپنی غریسہ آئسکریم کے مالک ہیں جس کی قطر میں متعدد شاخیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:
فتنہ ملک کو دوبارہ تباہ کرنا چاہتا ہے، مولانا فضل الرحمن
الغانم فاؤنڈیشن
غانم نے اپنے خاندان کی سپورٹ سے ایک فلاحی تنظیم الغانم فاؤنڈیشن کی بنیاد بھی رکھی جو دنیا بھر میں اس جیسے معذور افراد کو وہیل چئیر کی فراہمی کی خدمت انجام دیتی ہے۔
ہاتھوں کے بل چل کر عمرہ
غانم المفتاح کے نمایاں اور معروف کارناموں میں ایک 2017 میں وہیل چئیر کے بغیر ہاتھوں کے بل عمرہ کی سعادت حاصل کرنا بھی ہے۔
ہاتھوں سے فٹبال کھیلا
غانم مفتاح زمانہ طالبعلمی میں دستانے پہن کر فٹ بال کھیلا کرتے تھے۔ فٹبال کے علاوہ وہ تیراکی بھی کرتے ہیں اور سمندر میں 200 میٹر تک تیراکی کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

غانم المفتاح اب اپنے عزم و ہمت کے باعث نہ صرف دنیا بھر کے معذور افراد کیلئے انسپائریشن رکھتے ہیں بلکہ وہ قطر کی قومی شناخت بھی بن چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ قطر نے فیفا ورلڈکپ کیلئے انہیں گڈ وِل ایمبسیڈر کے ساتھ اس اہم ایونٹ کا افتتاح کروانے کیلئے ان کا انتخاب کیا۔
دنیا کو حیران کردیا
گزشتہ دن ورلڈکپ کے افتتاح کیلئے وہ اسٹیج پر آئے تو پہلے تو اسکرینوں سے جمے ہوئے دنیا بھر کے کروڑوں فٹبال شائقین بہت ہی حیران ہوئے، مگر جب انہوں نے ہالی ووڈ اداکارمورگن فری مین کے ساتھ اپنا کردار پرفارم کیا تو پوری دنیا متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








