اٹک کا پل پار کرکے دکھائیں، رانا ثناء اللہ نے علی امین گنڈاپور کو دھمکی کیوں دی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

اٹک کا پل
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب اٹک کا پل پار کرکے دکھائیں۔

اپنے ایک بیان میں مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اسلام آباد کے راستے کھلے تھے، اسلام آباد کی جانب سے جلسہ گاہ آنے والوں کو روکا نہیں گیا۔ علی امین گنڈا پور دو نمبر انسان ہے، جلسے میں کی گئی تقریر انتشار پھیلانے کیلئے تھی۔ان کا دورخا چہرہ ہے۔

بیان میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جس لہجے میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میں لاہور آرہا ہوں، اسی لہجے میں جواب بھی دیں گے۔ اب آپ اٹک کا پل پار کرکے دکھائیں۔ یاد رہے کہ جلسے میں وزیر اعلیٰ کے پی کے نے نامناسب زبان کا استعمال کیا تھا۔

گزشتہ روز اسلام آباد جلسے میں وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے نہ صرف حکومت کو ڈیڈ لائن دی بلکہ یہ دھمکی بھی دی کہ اگر 2 ہفتوں میں عمران خان کو رِہائی نہ ملی تو خود رہا کردیں گے۔

جلسے کے دوران علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مریم نواز سن لے، ہمیں این او سی ملے یا نہ ملے، ہمارا جلسہ مینارِ پاکستان لاہور میں ہوگا۔ جلسے میں شریک پی ٹی آئی کارکنان خیبر پختونخواہ آئیں، صوبائی حکومت آپ کی دعوت کرے گی۔ کسی کا باپ بھی آپ کو انکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا۔

علی امین گنڈا پور نے صحافیوں اور خصوصاً خواتین میڈیا ورکرز کیلئے نامناسب زبان استعمال کی اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے کہا کہ مریم نواز میں آرہا ہوں۔ مینارِ پاکستان میں اجازت دو تو ٹھیک ہے۔ ورنہ پٹھان ڈھول بھی لے کر آتے ہیں اور بارات بھی لے کر آتے ہیں۔

Related Posts