سب کچھ جل کر خاکستر ہوجائے گا؟ لانڈھی میں گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی؛ فائر بریگیڈ قابو پانے میں مصروف

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

کراچی کے صنعتی علاقے لانڈھی میں واقع ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے اندر استعمال شدہ کپڑوں (لنڈا) کی ایک فیکٹری میں پیر کو اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ آگ کے نتیجے میں اٹھنے والا گہرا سیاہ دھواں کئی کلومیٹر دور سے دیکھا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق فیکٹری میں موجود کپڑوں کا ذخیرہ انتہائی آتش گیر ہونے کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کا بڑا حصہ لپیٹ میں آ گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی متعدد گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔

فائر فائٹرز کی اولین ترجیح آگ کو قریبی صنعتی یونٹس اور فیکٹریوں تک پھیلنے سے روکنا ہے جبکہ ریسکیو ٹیمیں احتیاطی تدابیر کے تحت علاقے کو محفوظ بنانے میں مصروف ہیں۔

اب تک کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم فیکٹری میں موجود کپڑوں کے بڑے ذخیرے کے مکمل طور پر جلنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جس سے بھاری مالی نقصان ہونے کا امکان ہے۔

آگ لگنے کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی تاہم متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور آگ بجھنے کے بعد نقصانات کا مکمل تخمینہ لگایا جائے گا۔

یہ واقعہ کراچی کے صنعتی علاقوں میں آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی ایک اور مثال ہے جہاں شارٹ سرکٹ یا حفاظتی انتظامات کی کمی کے باعث اس نوعیت کے حادثات بار بار پیش آ رہے ہیں۔ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔

Related Posts