سندھ حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے باقاعدہ ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے تاکہ اس عمل کو منظم اور شفاف بنایا جا سکے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی فرد یا گروہ کو بغیر اجازت کھالیں اکٹھی کرنے، عارضی کیمپ لگانے، بینرز یا جھنڈے لگانے اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔اس اقدام کا مقصد غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور امن و امان کو برقرار رکھنا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صرف وہی فلاحی ادارے، مدارس اور تنظیمیں کھالیں جمع کر سکیں گی جو رجسٹرڈ ہوں اور جنہیں متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے باقاعدہ اجازت حاصل ہو۔
مزید کہا گیا ہے کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے افراد یا اداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی جبکہ انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس عمل کی سخت نگرانی کی جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








