دارالحکومت اسلام آباد سے لاہور منتقل ہو جائے گا؟ شبر زیدی کا بڑا مطالبہ سامنے آگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) کے سابق چیئرمین اور ممتاز چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ شبر زیدی نے وفاقی حکومت کی بہتر کارکردگی کے لیے تجویز دی ہے کہ پاکستان کا دارالحکومت اسلام آباد سے لاہور منتقل کیا جائے۔

لاہور میں اپنی خودنوشت کتاب 32 اونکار روڈ کے اجرا کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شبر زیدی نے اعتراف کیا کہ وہ ایف بی آر میں اصلاحات نہیں لا سکے۔انہوں نے مذہبی جماعتوں کی سیاست پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ لاہور کبھی کمیونسٹ اور قوم پرستوں کا شہر تھا مگر لبرل عناصر کو ختم کرکے اس کو تباہ کیا گیا ۔

شبیر زیدی نے اپنی سابقہ تجویز دہرائی کہ اسلام آباد کے بجائے دارالحکومت لاہور ہونا چاہیے۔

اس موقع پر دیگر مقررین نے شبیر زیدی کی خودنوشت کو ایک ایماندار، بے باک اور صاف گو انسان کی تحریر قرار دیا اور کہا کہ کتاب ملک کے اقتصادی اور سماجی مسائل کو نمایاں کرتی ہے۔نامور صحافی حسین نقی نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے امکانات ختم ہو چکے ہیں۔

سابق گورنر اسٹیٹ بینک اور سابق وزیر خزانہ پنجاب شاہد حفیظ کردار نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کی جڑ آئی ایم ایف ہے اور ایف بی آر کے ڈھانچے میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ لاہور سے قبل کارپوریٹ پاکستان گروپ (CPG) کی قیادت میں محمد اظفر احسن نے سابق چیئرمین ایف بی آر سید محمد شبر زیدی کی خودنوشت 32 اونکار روڈ کی شاندار تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیاتھا۔

اس تقریب میں مختلف معروف شخصیات نے اپنے قیمتی خیالات کا اظہار کیا جن میں ڈاکٹر ادیب الحسن رضوی، حمید ہارون، وامق زبیر، سید سلیم رضا، کشور زہرا، خالد رفیع، عاصم ظفر علی، رضا شبیر زیدی، فاطمہ شبیر زیدی اور دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر 600 سے زائد معزز مہمانوں نے شرکت کی جس نے اس تقریب کو نہایت یادگار اور خاص بنا دیا۔

واضح رہے کہ 32 اونکار روڈ سید محمد شبر زیدی کی آٹوبائیوگرافی (خود نوشت) ہے جو لاہور کے مشہور اونکار روڈ پر ان کے بچپن کے گھر (نمبر 32) سے متاثر ہے۔ شبر زیدی جو سابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور ایک ممتاز چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اس کتاب میں اپنی ذاتی، پیشہ ورانہ اور معاشی زندگی کی کہانی بیان کرتے ہیں۔

کتاب میں شبر زیدی کی بچپن کی یادیں، کاروباری سفر، پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر تنقید، ٹیکس ریفارمز، اور سیاسی واقعات کتاب میں لاہور کی تاریخی سڑک اونکار روڈ کی جھلک بھی ملتی ہے جو برطانوی دور کی یادگار ہے۔

Related Posts