اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے پیر کے روز موسمِ سرما کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کر دیا، عدالت 22 دسمبر 2025 سے 4 جنوری 2026 تک بند رہے گی،عدالت میں معمول کی سماعتیں 5 جنوری 2026 سے دوبارہ شروع ہوں گی۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق تعطیلات کے دوران عدالت کے دفاتر معمول کے مطابق کام کرتے رہیں گے جبکہ فوری نوعیت کے کیسز اور پہلے سے طے شدہ مقدمات کی سماعت بھی جاری رہے گی۔
وفاقی آئینی عدالت 27ویں آئینی ترمیم کے تحت قائم کی گئی تھی جس کا مقصد پاکستان کے عدالتی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور شہریوں کے آئینی حقوق کا مؤثر تحفظ یقینی بنانا ہے۔ عدالت کا بنیادی دائرہ اختیار آئین کی تشریح اور آئینی تنازعات کا حل ہے۔
وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان ہیں جبکہ دیگر معزز ججز میں جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس عامر فاروق، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس کریم خان آغا، جسٹس روزی خان اور جسٹس ارشد حسین شاہ شامل ہیں۔
عدالت کی سرکاری ویب سائٹ پر چیف جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کے قیام کو پاکستان کے آئینی سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت کا فرض ہے کہ وہ آئین کی تشریح آزادی، دیانت داری اور غیر جانب داری کے ساتھ کرے، بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے اور ریاستی اداروں کے درمیان توازن، استحکام اور انصاف فراہم کرے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








