پشاور میں ایک غیر معمولی اور خوشگوار واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون نے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں بیک وقت پانچ صحت مند بچوں کو جنم دیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق پیدا ہونے والے بچوں میں تین بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیںجبکہ ماں اور تمام نوزائیدہ بچے مکمل طور پر صحت مند ہیں اور اسپتال کے وارڈ میں طبی عملے کی نگرانی میں ہیں۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق بچوں کی پیدائش آپریشن (سی سیکشن) کے ذریعے ہوئی، جو کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ ماں اور بچے دونوں کی حالت تسلی بخش ہے۔
احتیاط کے طور پر انہیں مکمل طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ اسپتال عملے نے اس خوشی کے موقع پر والدین کو مبارک باد دی اور کہا کہ اس نوعیت کے کیسز انتہائی نایاب ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گوجرانوالہ میں بھی ایک خاتون کے ہاں بیک وقت پانچ بچوں کی پیدائش ہوئی تھی، جن میں چار بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل تھے۔ خاتون، جن کی شناخت کومل کے نام سے ہوئی، نے نارمل ڈیلیوری کے ذریعے بچوں کو جنم دیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ان میں سے ایک نوزائیدہ بچے کی حالت تشویشناک تھی جسے خصوصی نگہداشت کے لیے نرسری منتقل کر دیا گیا تھا۔
پشاور میں حالیہ واقعہ والدین، طبی عملے اور عوام کے لیے خوشی کا باعث بنا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی لوگوں نے ماں اور بچوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








