پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے 18 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہوگی۔ اس اسکواڈ میں سابق کپتان بابر اعظم اور تجربہ کار وکٹ کیپر محمد رضوان کی واپسی ہوئی ہے جبکہ شان مسعود بدستور ٹیم کی قیادت کریں گے۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں تین نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جن میں اسپنر فیصل اکرم، آل راؤنڈر آصف آفریدی اور وکٹ کیپر روحیل نذیر شامل ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی، جو مختصر فارمیٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں بھی واپس آگئے ہیں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
18-member squad announced for South Africa Test series
Details here ➡️ https://t.co/spUX4QJCFq#PAKvSA | #BackTheBoysInGreen
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) September 30, 2025
منتخب اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، امام الحق، سلمان علی آغا، عامر جمال، حسن علی، خرم شہزاد، نعمان علی، ساجد خان، کامران غلام، ابرار احمد، آصف آفریدی اور سعود شکیل شامل ہیں۔ اسکواڈ کو پہلے ٹیسٹ سے قبل حتمی شکل دی جائے گی۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔
اس ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز بھی کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 28 اکتوبر سے راولپنڈی میں ہوگا، جبکہ یکم اور 31 اکتوبر کو باقی دو ٹی ٹوئنٹی لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ بعد ازاں 4، 6 اور 8 نومبر کو تین ایک روزہ میچ فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔ وائٹ بال سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 30 ستمبر سے 8 اکتوبر تک لاہور میں جاری رہے گا جس میں کھلاڑی ریڈ بال ہیڈ کوچ اظہر محمود اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز کی زیر نگرانی ٹریننگ کریں گے۔ ایشیا کپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑی 4 اکتوبر کو کیمپ کو جوائن کریں گے۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے حالیہ ایشیا کپ2025میں مجموعی طور پر بہتر کارکردگی دکھائی مگر بھارت کے خلاف تمام میچز میں ناکامی کے باعث فائنل میں بھی شکست کے بعد رنر اپ قرار پایا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








