برمنگھم میں مسجد کے باہر ایک مسلمان نوجوان کو چاقو مار کر قتل کردیا گیا، واقعے کے نتیجے میں 2 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ برمنگھم کے علاقے سینڈویل میں پیش آیا جہاں پولیس کو جمعہ کی رات کو 9 بجے سے کچھ ہی دیر قبل سمتھ وک روڈ پر واقع جامع مسجد کے باہر جھگڑے کی اطلاع دی گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ پولیس کو 18سالہ ذیشان افضل مسجد کی پارکنگ میں زخمی حالت میں ملے جنہیں چاقوؤں کے وار کرکے زخمی کیا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
رمضان المبارک کے باعث واقعے کے وقت عشا کی نماز کی ادائیگی کیلئے نمازیوں کی اچھی خاصی بھیڑ تھی۔ موقعے پر متعدد ایمبولینسز، ایک پیرا میڈک آفیسر اور ائیر ایمبولینس کی گاڑی طبی امداد دینے کیلئے وہاں پہنچی تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی عمریں 19 سے 22 سال کے درمیان ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ویسٹ مڈ لینڈز پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔
تاحال پولیس نے اس واقعے کو مذہبی بنیادوں پر کیا گیا حملہ قرار نہیں دیا۔ تفتیشی افسران سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہے ہیں اور جرم سے متعلق دیگر شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں اور توقع ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش سے درست حقائق کا اندازہ کرنے میں مددملے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








