نارتھ کراچی صنعتی ایریا کو جرائم سے پاک کرنے کی حکمت عملی پر کام تیز

تازہ ترین

تازہ ترین

نارتھ کراچی صنعتی ایریا کو جرائم سے پاک کرنے کی حکمت عملی پر کام تیز
نارتھ کراچی صنعتی ایریا کو جرائم سے پاک کرنے کی حکمت عملی پر کام تیز

کراچی: نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا کو جرائم سے پاک کرنے کی حکمتِ عملی پر کام تیز کردیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب نے صنعتکار برادری کو ملازمین اور سکیورٹی گارڈز کا ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے دورے کے موقعے پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکار اپنے ملازمین کے ساتھ ساتھ سکیورٹی گارڈ زکا ریکارڈ مرتب کریں تاکہ صنعتی ایریا کو جرائم سے پاک بنایا جاسکے۔سندھ پولیس صنعتکاروں کے تحفظ کے لیے ہرممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

یہ بھی پڑھیں:

اسٹاک مارکیٹ، انڈیکس میں معمولی اضافہ

اجلاس سے خطاب کے دوران ڈی آئی جی ویسٹ نے کہا کہ ہم نکاٹی کے کرائم مانیٹرنگ سیل کو حکومت ِ سند ھ سے نوٹیفائی کروانے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سے بھی بات کریں گے۔اجلاس میں ایس ایس پی سینٹر ل غلام مرتضیٰ تبسم،ایس ایس پی انویسٹی گیشن شہلا قریشی، صدر نکاٹی فیصل معیزخان، سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل سمیت دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

اس دوران نائب صدر نکاٹی نعیم حیدر،سینئر ممبرایگزیکٹو کمیٹی سید عثمان علی،چیف ڈی ایم سی فاروق کھاتوڑا، سابق صدر نکاٹی سید طارق رشیداور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی شریک ہوئے۔ ڈی آئی جی ویسٹ نے مزید کہاکہ 3پولیس اہلکار ڈی آئی جی ویسٹ،3 رینجرزاہلکار اور3 افراد نارتھ کراچی ایسوسی ایشن پر مشتمل ایک ٹیم ترتیب دی جائے گی۔

خطاب کے دوران ڈی آئی جی ویسٹ نے کہا کہ ٹیم کا کام نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں لاء اینڈ آڈر کے حوالے سے ایس او پیز مرتب کرنا اور ان پر عمل کروانا ہوگا جبکہ بینک سے کیش نکلواتے وقت پولیس کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے موقع پر موجود ایس ایس پی سینٹرل کونکاٹی کرائم ما ینٹرنگ سیل کو مزید نفری مہیا کرنے کی ہدایت بھی کی۔

نکاٹی کے صدرفیصل معیز خان نے ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں تمام ترقیاتی کام حکومت ِ سندھ کی جانب سے ملنے والی گرانٹ سے انجام دئیے گئے ہیں جو حکومت ِ سندھ کا نکاٹی پربھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے تجویزدی کہ سی پی ایل سی کی طرز کا ایک ادارہ ہرصنعتی زون میں قائم کیا جائے۔

صدر نکاٹی فیصل معیز خان نے ڈی آئی جی ویسٹ سے درخواست کی کہ وہ یہ تجویز اعلیٰ حکومتی اداروں کے سامنے بھی رکھیں اس سلسلے میں نکاٹی بھی محکمہ داخلہ سندھ سے رابطے میں ہے۔  نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں خمیسہ گوٹھ اور لاسی گوٹھ متصل ہیں جہاں سے جرائم پیشہ افراد صنعتی ایریا میں داخل ہوتے ہیں اور واردات کر کے باآسانی فرار ہوجاتے ہیں۔

فیصل معیز خان نے کہا کہ جن راستوں سے یہ جرائم پیشہ افرادصنعتی ایریا میں داخل ہوتے ہیں ان راستوں کی نگرانی کے لیے پولیس کا تعاون درکار ہے۔اس سلسلے میں ایک مربوط حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ا نہوں نے صنعتی ایریا میں تجاوزات کی طرف توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ چائے کے ہوٹلوں کے باہر بیٹھے اکثر افراد مجرموں سے تعلق رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  تجاوزات کو ختم کرنا بے حد ضروری ہے کیونکہ جرائم پیشہ افراد ان ہی ہوٹلوں میں بیٹھ کر صنعتکاروں پر نظر رکھتے ہیں۔ اس وقت7 افراد کی نفری گبول ٹاؤن تھانے کو فراہم کی گئی اور 13 افراد کی نفری نارتھ کراچی صنعتی ایریا تھانے کو فراہم کی گئی ہے لہٰذا نفر ی کی کمی کو پورا کیا جائے۔اس موقعے پر سینئر ممبر ایگزیکٹو کمیٹی نے بھی خطاب کیا۔

 سینئر ممبرایگزیکٹو کمیٹی سید عثمان علی نے کہا کہ پولیس اور نکاٹی کا تعاون بہت مضبوط ہے جس کی وجہ سے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں جرائم میں بہت حد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے لیکن نفری کی کمی کا سامناہے۔ انڈسٹریل ایریا میں 750 سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام بھی جلد شروع کر دیا جائے گا۔اسٹریٹ لائٹس بھی لگا دی گئی ہیں۔

Related Posts