سوات کی تشویشناک صورتحال

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان کے خوبصورت ترین مقامات میں سے ایک سوات ایک بار پھر اخبارات کی زینت بن گیا کیونکہ شہر کے شورش زدہ علاقوں میں لاقانونیت کی نئی لہر جنم لے چکی  ہے اور دہشت گرد ایک بار پھر سر اٹھا رہے ہیں۔

حکومت اعتراف کرچکی ہے کہ سوات کے علاقوں میں مسلح دہشت گرد موجود ہیں۔ چار باغ تحصیل کے علاقے گلی باغ میں گھات لگا کر اسکول وین ڈرائیور کو ہلاک کیا گیا جبکہ وین میں سوار متعدد طلبہ زخمی بھی ہوگئے۔

خوبصورت پہاڑی علاقے کیلئے مشہور سوات کے لوگ بڑی تعداد میں دہشت گردی کے خلاف احتجاج کیلئے گھروں سے نکلے  جبکہ قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) نے بھی سوات میں اسکول وین پر دہشت گردی کی کارروائی کے بعد ملک کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی جس میں وفاقی وزراء، اراکینِ اسمبلی اور عسکری حکام نے شرکت کی جس میں ملک کی سکیورٹی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا بیان بھی صورتحال کی سنگینی ظاہر کرنے کیلئے کافی ہے جس میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ٹی ٹی پی سے حالیہ مذاکرات کا کوئی ٹھوس نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا تاہم خیبرپختونخوا میں حالات قابو میں ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ کے پی کے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں تمام تر مسائل سے خوش اسلوبی سے نمٹیں گے۔ مسلح افواج قومی سلامتی کو لاحق تمام تر خطرات سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔

دراصل عسکریت پسندوں کے خلاف سرکاری ردِ عمل سیاسی جماعتوں کو اتحاد پر مائل کرتا ہے جو نیک شگون قرار دیا جاسکتا ہے اور بنیاد پرستانہ رکھنے والے افراد بھی پر امن معاشرے کیلئے ریلی نکالتے نظر آئے۔

کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے حکومت کے عزم کو سراہا جانا چاہئے۔ اچھی بات یہ رہی کہ پی ٹی آئی کے علاوہ پشتون تحفظ موومنٹ، سوات کی مقامی سیاسی قیادت، عوامی نیشنل پارٹی اور جماعتِ اسلامی بھی ایک پیج پر نظر آئی۔

تشویشناک بات یہ ہے کہ مسلح دہشت گرد سوات میں کیسے گھسے؟ اس پریشان کن مداخلت کے پیچھے کون ہے اور کون سی قوتیں ایسے عناصر کی سوات میں واپسی کی حامی ہیں اور کیوں؟ ان تمام تر معاملات پر قوم کو اتفاقِ رائے پیدا کرتے ہوئے باہمی افہام و تفہیم اور اپنی صفوں میں اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔

Related Posts