جمعرات کا دن ہندوستانی کرکٹ شائقین کے لیے اچھا ثابت نہیں ہواکیونکہ ان کی ٹیم کو 168 رنز بنانے کے بعد بھی انگلینڈ کے ہاتھوں 10 وکٹوں سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انڈین ٹیم کے حصے میں وہ آیا جس کے وہ اصل میں حقدار تھے، کیونکہ وہ جنوبی افریقہ سے ‘جان بوجھ کر’ ہار گئے تھے اور گراؤنڈ میں ان کی ناقص فیلڈنگ پاکستان کو میگا ایونٹ کے سپر فور مرحلے میں آگے بڑھنے سے روکتی دکھائی دے رہی تھی۔
بھارت کے بولرز کی انگلش ٹیم نے گراؤنڈ میں دل کھول کر پٹائی کی اور انہیں واپس ہندوستان جانے پر مجبور کردیا، اب پاکستان 1992کی تاریخ دہرانے کے قریب ہے اور فائنل میں انگلینڈ سے مقابلہ کرے گا۔
بدھ کے روز، نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیمی فائنل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی کے بعد ملک بھر میں جشن منایا گیا، پاکستان نے فائنل میں رسائی حاصل کرلی، بھارت اور زمبابوے کے گزشتہ میچز کو دیکھتے ہوئے کسی نے سوچا بھی نہیں ہوگا کہ ہم آگے جا پائیں گے، مگر اللہ کے فضل و کرم سے ایسا ممکن ہوا۔
شاندار میچ میں نیوزی لینڈ کے اسکور کا تعاقب کرنے کے لیے ایک مستحکم رفتار کی ضرورت تھی اور اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان نے فتح کی بنیاد رکھی۔ دونوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور پاکستان نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دی، جس سے آسٹریلیا میں موجود پاکستانی تماشائیوں اور پاکستان کے عوام میں جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی۔
پاکستان ٹیم نے گروپ میچوں میں بھارت اور زمبابوے سے آخری گیند پر ہارنے کے بعد بہت سے لوگوں کو مایوس کیا اور بہت سے لوگوں کا یقین ختم ہو گیا تھا کہ پاکستان آگے جائے گا۔ تمام مشکلات کے باوجود ٹیم نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف آمنے سامنے آنے کے لیے نیدرلینڈز، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کو شکست دی۔ یہ سب کچھ ہونا ہمارے سبق آموز ہے، جس سے ہمیں مزیدبہتری اور یقین دہانی کرنی چاہیے کہ بلاشبہ ہمارے پاس ایک کے بعد ایک میچ جیتنے کے لیے جو مہارت، خواہش اور جوش درکار ہے۔ اس میں پوری ٹیم کی کوشش اور کاوش ہونی چاہئے۔
ابھی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم نیوزی لینڈ کے خلاف 1992 کی جیت کے جذبے کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اس نے ہمیں ورلڈ کپ فائنل میں پہنچایا جس نے ہماری تاریخی فتح کی راہ ہموار کی، امید ہے کہ وہی جذبہ دوبارہ حاصل کر لیا جائے گا اور 13 نومبر کو ہم انگلینڈ کو پیچھے چھوڑ کر ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے گھر لے آئیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں