کراچی میں محکمہ موسمیات نے آج ہلکی سے درمیانی بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں آج مزید بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے تاہم ان کی شدت ہلکی اور معتدل رہے گی۔
آج کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کو جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب قرار دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں 2 سے 7 اکتوبر کے دوران بارشوں اور تیز آندھی کے امکانات ہیں جبکہ 3 سے 6 اکتوبر تک ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
کراچی: معمار موڑ پر فائرنگ سے بچہ جاں بحق، واقعہ کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش ناکام
خیبر پختونخوا میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں 2 اور 3 اکتوبر کو بارش اور 4 سے 7 اکتوبر تک کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے مختلف اضلاع میں آج رات سے 3 اکتوبر تک بارشیں متوقع ہیں جبکہ بلوچستان کے کئی حصوں میں 4 سے 6 اکتوبر تک بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوسکتی ہے، جس پر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








