پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روز کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا اور مارکیٹ کا آغاز سبز نشان میں ہوا۔
ٹریڈنگ کے ابتدائی 10 منٹ میں ہی کے ایس ای 100 انڈیکس میں 700 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صبح 9 بج کر 40 منٹ پر انڈیکس 166329 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا جو صفر اعشاریہ 42 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
گزشتہ روز بدھ کے کاروباری سیشن میں بھی مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا تھا جہاں کے ایس ای-100 انڈیکس میں 146اعشاریہ 75 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 165640 پوائنٹس پر بند ہوا۔
اس دوران 1اعشاریہ 63 ارب سے زائد حصص کا لین دین ہوا جس کی مالیت تقریباً 69اعشاریہ 66 ارب روپے رہی۔ گزشتہ سیشن کے مقابلے میں کاروباری حجم اور لین دین دونوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
گزشتہ روز مجموعی طور پر 486 کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت ہوئی جن میں سے 173 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 287 میں کمی جبکہ 26 میں استحکام رہا۔
ٹریڈنگ کے دوران سب سے زیادہ سرگرم کمپنیوں میں کے الیکٹرک 29 کروڑ 96 لاکھ حصص کے ساتھ نمایاں رہی جس کے حصص کی قیمت 7اعشاریہ 34 روپے فی شیئر ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان میں سونا انتہائی مہنگا! آج جمعرات 2 اکتوبر کو فی تولہ قیمت کتنی؟
بینک آف پنجاب نے ایک دن میں 19 کروڑ 19 لاکھ حصص کے ساتھ 29اعشاریہ 80 روپے فی شیئر پر ٹریڈ کیا جبکہ پاک الیکٹران کے ایک کروڑ 32 لاکھ سے زائد حصص 59اعشاریہ 31 روپے فی شیئر پر بند ہوئے۔
یونیلور پاکستان فوڈز لمیٹڈ نے سب سے زیادہ 445 روپے فی شیئر کا اضافہ ریکارڈ کیا اور اس کے حصص کی قیمت 31265 روپے تک پہنچ گئی۔
اسی طرح سپرنیٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کے حصص میں 135اعشاریہ 85 روپے کا اضافہ ہوا اور یہ 1494اعشاریہ 33 روپے پر بند ہوئے۔
اس کے برعکس پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے حصص میں سب سے زیادہ کمی 384اعشاریہ 99 روپے فی شیئر ریکارڈ کی گئی جس کے بعد اس کی بندش 25600 روپے فی شیئر پر ہوئی جبکہ رفحان میرز پروڈکٹس کمپنی لمیٹڈ کے حصص میں 273اعشاریہ 71 روپے کی کمی دیکھی گئی اور یہ 10009اعشاریہ 96 روپے پر بند ہوئے۔
فیوچر مارکیٹ میں بھی کاروباری سرگرمیاں نمایاں رہیں جہاں 312 کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت ہوئی۔ ان میں سے 108 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 200 کمپنیوں کے حصص میں کمی ریکارڈ ہوئی۔
اس دوران 28 کروڑ 70 لاکھ سے زائد حصص کا لین دین ہوا جس کی مالیت تقریباً 13اعشاریہ 80 ارب روپے رہی۔ اس سیکشن میں بینک آف پنجاب سب سے زیادہ فعال کمپنی رہی جس کے 4 کروڑ 36 لاکھ سے زائد حصص 30اعشاریہ 14 روپے فی شیئر پر ٹریڈ ہوئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








