کراچی ٹریفک پولیس نے شہر بھر میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو مؤثر بنانے کے لیے ای چالان سسٹم متعارف کر دیا ہے۔
اس نظام کے تحت شہر میں کسی بھی مقام پر ہونے والی خلاف ورزی فوری طور پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ریکارڈ ہوگی اور چالان جاری کر دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق یہ اقدام جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک کے نظم و ضبط کو بہتر بنانے کی کوشش ہے۔
کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کریں۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ٹریفک نے کہا کہ ای چالان سسٹم نہ صرف قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جواب دہ بنائے گا بلکہ سڑکوں پر حادثات کی شرح کو بھی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اس موقع پر شہر کے مختلف اسٹیک ہولڈرز نے سسٹم پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب کراچی کا بنیادی انفراسٹرکچر ہی خراب حالت میں ہے تو شہریوں پر جرمانے عائد کرنا کس حد تک مؤثر ہوگا۔
کراچی: معمار موڑ پر فائرنگ سے بچہ جاں بحق، واقعہ کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش ناکام
پولیس حکام نے واضح کیا کہ جدید نظام کا مقصد شہریوں کو نظم و ضبط کی طرف راغب کرنا ہے۔
پولیس افسران نے یہ بھی بتایا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے نظام کو بھی بہتر بنایا گیا ہے اور اب تک 3 لاکھ سے زائد شہریوں نے آن لائن لائسنس حاصل کیا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی نہ صرف جرمانوں سے بچنے کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ انسانی جانوں کے تحفظ اور محفوظ سڑکوں کی ضمانت بھی ہے۔
ای چالان کے تحت خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کو جرمانے کی پرچی بذریعہ ڈاک ان کے گھر پر بھیجی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی کراچی کے شہری موبائل ایپ کے ذریعے اپنے چالان کی تفصیلات بھی دیکھ سکیں گے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قوانین کی پابندی کریں تاکہ غیر ضروری مسائل اور حادثات سے محفوظ رہا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








