اسلام آباد ،راولپنڈی اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں جمعہ کے روز تیز ہوا کے بعد موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے موسم خوشگوار بنا دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سلسلہ خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع تک پھیل گیا جہاں مختلف علاقوں میں گرج چمک اور بارش کے ساتھ ژالہ باری کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
کرک میں شہر اور گردونواح میں بارش کے ساتھ گرج چمک کا سلسلہ جاری رہا جبکہ بونیر کے متعدد مقامات پر بھی طوفانی بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کی جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق ایک طاقتور مغربی ہواؤں کا سلسلہ اتوار سے منگل تک ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا جس سے اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت بڑے دریاؤں کے بالائی حصے زیر اثر آئیں گے۔
سمندری طوفان آرہا ہے؟ کراچی کے ساحل پر خطرے کی گھنٹی بج گئی، اہم ہدایات جاری
اس سسٹم کے نتیجے میں درمیانی درجے کی بارش کے ساتھ کہیں کہیں شدید بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
دریائے جہلم کے بالائی حصوں میں متوقع شدید بارش کے باعث درمیانے سے اونچے درجے تک پانی کا بہاؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔
اسی طرح دریائے راوی اور ستلج کے کیچمنٹ ایریاز میں بھی درمیانی سے شدید بارش کے امکانات ہیں جس کے باعث مشرقی دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہوسکتی ہے اور کمزور ڈھانچوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔
مزید برآں دریائے سوات، پنجکوڑا اور کابل کے معاون دریا بھی اس سسٹم سے متاثر ہوسکتے ہیں اور ان میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








