ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک مرتبہ پھر اتوار 21 ستمبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔
پاکستان نے گزشتہ رات متحدہ عرب امارات کو 41 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا جبکہ بھارت پہلے ہی اس مرحلے میں جگہ بنا چکا ہے۔
واضح رہے کہ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان ایونٹ کا پہلا مقابلہ گزشتہ اتوار 14 ستمبر کو کھیلا گیا تھا جس میں بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اس میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان کشیدگی اس وقت مزید بڑھ گئی جب بھارتی کپتان اور کھلاڑیوں نے پاکستانی کپتان اور دیگر کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے سے گریز کیا۔
بھارتی کپتان نے فتح کو بھارتی فوج کے نام کرنے کا اعلان کر کے ماحول کو مزید تناؤ کا شکار بنا دیا۔
متنازع اقدام پر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان ٹیم سے معافی مانگ لی
بدھ کے روز ہونیوالے میچ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور 16ویں اوور میں 93 رنز پر چھ کھلاڑی آؤٹ ہوگئے حالانکہ فخر زمان نے 36 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی۔
نویں نمبر پر آنے والے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 14 گیندوں پر 29 رنز بنائے جن میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
ان کی اس اننگز کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 146 رنز بنا کر حریف ٹیم کو ایک مشکل ہدف دیا۔
یواے ای کی طرف سے پاکستان نژاد فاسٹ بولر جنید صدیقی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 18 رنز کے عوض چار کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ بائیں ہاتھ کے اسپنر سمرنجیت سنگھ نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے باوجود یواے ای کی بیٹنگ لائن دباؤ برداشت نہ کر سکی اور پوری ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ یوں پاکستان نے ایونٹ کے اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کر لی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








