ورلڈ کپ کے فائنل میں ٹاس کی اہمیت نہیں، نہ موسم ہمارے ہاتھ میں ہے۔بابر اعظم

تازہ ترین

تازہ ترین

میلبرن: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے فائنل میں ٹاس اہمیت نہیں رکھتا، نہ موسم ہمارے ہاتھ میں ہے تاہم پاور پلے کی اہمیت نظر انداز نہیں کی جاسکتی۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کے فائنل میچ سے قبل میلبرن میں میڈیا کانفرنس کے دوران پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ کی ابتدا اچھی نہیں ہوئی، پھر بھی ٹیم نے اچھا کم بیک کیا، کہا جارہا ہے کہ یہ ورلڈ کپ 1992 سے ملتا جلتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

ورلڈ کپ کے فائنل سے قبل میلبرن میں بارش کے امکانات کم

میڈیا کانفرنس کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ قومی ٹیم نروس نہیں، پرجوش ہے، فائنل کے پریشر کے باوجود ہماری کوشش ہوگی کہ 100 کارکردگی ہو۔ قومی ٹیم کا کام محنت کرنا ہے جبکہ نتیجہ اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔ انگلنیڈ کرکٹ ٹیم کو بہترین سمجھتا ہوں۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ فائنل میں ٹاس کوئی بھی جیتے، اس کی زیادہ اہمیت نہیں، ابتدائی 6 اوورز کا پاور پلے اہم ہے۔ سیمی فائنل میں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر اور ایلکس ہیلز کی جوڑی نے قابلِ تعریف کارکردگی دکھائی۔ پاکستان کا فاسٹ باؤلنگ اٹیک بہترین ہے۔

کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کا مڈل آرڈر تنقید کا نشانہ رہا، خوشی یہ ہے کہ بیٹرز نے اچھی پرفارمنس دی، محمد حارث کو دیکھ کر نہیں لگتا کہ وہ ورلڈ کپ پہلی بار کھیل رہے ہیں۔ فائنل کیلئے ٹیم پلان بنا چکے، اسی پر عمل بھی کریں گے۔

بابر اعظم نے فائنل میچ کو ورلڈ کپ جیتنے کا بہترین موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم گزشتہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک آئے، ایشیا کپ کے بھی فائنل تک پہنچے، کھلاڑی ورلڈ کپ کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ بورڈ چیئرمین رمیز راجہ نے کھل کر کھیلنے کی ہدایت کی ہے۔دعا کرتے ہیں کہ فائنل میچ کو بارش متاثر نہ کرے۔

 

Related Posts