اسلام آباد: اقوامِ متحدہ نے افغان مہاجرین کی امداد کیلئے پاکستان کا کردار تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کی نہیں بلکہ نسلوں کی میزبانی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے افغان مہاجرین فلیپو گرینڈی نے پاکستانی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یورپ مہاجرین کی چھوٹی سی تعداد کو بھی قبول نہیں کر رہا۔
انٹرویو کے دوران اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر فلیپو گرینڈی نے افغانستان میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یورپ میں افغان مہاجرین کو خوش آمدید نہیں کہا جارہا۔
اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر فلیپو گرینڈی نے مزید کہا کہ پاکستان نے لاکھوں افغانیوں کی نہیں بلکہ افغانوں کی نسلوں کی میزبانی کی ہے جبکہ پاکستان نے افغانستان سے انخلاء میں بھی مدد کی۔
خیال رہے کہ پاکستان نے نہ صرف افغان مہاجرین کی میزبانی اور غیر ملکیوں کے افغانستان سے انخلاء میں بھرپور تعاون کیا بلکہ پاکستان افغان عوام کی مالی امداد میں بھی پیش پیش ہے۔
گزشتہ روز بھی طورخم بارڈر پر پاک افغان کوآپریشن فورم کی طرف سے افغانستان کو 17ٹرکوں پر مشتمل اشیائے خورونوش افغان حکام کے حوالے کر دی گئیں۔
بارڈر پر خصوصی تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا، افغان حکام نے امدادی پیکج پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔طورخم بارڈر پر پاکستان کی طرف سے افغانستان کو کھانے پینے کی اشیاء فراہم کر دی گئیں۔
مزید پڑھیں: طورخم بارڈر پر اشیائے خورونوش کے 17 ٹرک افغان حکام کے حوالے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








