امریکی قدامت پسند مقتول سیاسی رہنما چارلی کرک کی بیوہ اریکا کرک نے اپنے شوہر کے قاتل کو معاف کرنے کا اعلان کر دیا، چارلی کرک کی بیوہ نے کہا کہ میں اسے اس لیے معاف کرتی ہوں کیونکہ یسوع نے بھی ایسا کیا تھا۔
اریکا نے آریزونا کے گلیڈلینڈ میں اسٹیٹ فارم اسٹیڈیم میں چارلی کے تعزیتی جلسے کے دوران جذباتی انداز میں کہاکہ میں اس نوجوان کو معاف کرتی ہوں۔ اس بات پر حاضرین نے زوردار تالیوں سے ان کا حوصلہ بڑھایا۔
انہوں نے کہا کہ میں اسے اس لیے معاف کرتی ہوں کیونکہ یسوع نے بھی ایسا کیا تھا اور چارلی بھی ایسا ہی کرتے۔ نفرت حل نہیں، انجیل ہمیں سکھاتی ہے کہ ہم محبت کریں حتیٰ کہ اپنے دشمنوں اور ہمیں تکلیف دینے والوں سے بھی۔
گزشتہ ہفتے پراسیکیوٹرز نے 22 سالہ ٹائلر رابنسن کو قتل کا ملزم قرار دیا۔ حکام کے مطابق رابنسن نے اپنے روم میٹ کو بتایا کہ اس نے چارلی کو اس لیے گولی ماری کیونکہ وہ اس کی نفرت سے تنگ آ چکا تھا۔
اریکا کرک کون ہیں؟
اریکا کرک کی عمر 36 سال ہے اور وہ اسکاٹزڈیل، آریزونا میں کیتھولک خاندان میں پیدا ہوئیں اور پرورش پائی۔ طلاق کے بعد ان کی پرورش ان کی والدہ نے کی۔ انہوں نے اسکاٹزڈیل کی نوٹری ڈیم پریپریٹری ہائی اسکول سے تعلیم حاصل کی پھر ڈیونور کی ریجس یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی اور بعد میں ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی سے سیاسیات اور بین الاقوامی تعلقات میں ڈگری حاصل کی۔
اریکا کے پاس امریکی قانونی علوم میں بھی ڈگری ہے اور وہ بائبلی تعلیمات میں ڈاکٹریٹ کر رہی ہیں۔ 2012 میں وہ مس ایریزونا یو ایس اے بھی رہ چکی ہیں اور کالج باسکٹ بال بھی کھیلتی تھیں۔
انہوں نے مئی 2021 میں چارلی کرک سے شادی کی اور ان کے دو بچے ہیں ایک بیٹی جو اگست 2022 میں پیدا ہوئی اور ایک بیٹا جو مئی 2024 میں پیدا ہوا۔ وہ روایتی خاندانی اقدار کی حامل ہیں اور خاندان کو کیریئر پر فوقیت دیتی ہیں جو قدامت پسند نظریات کے عین مطابق ہے۔
چارلی کی موت کے بعد اریکا ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے کی سی ای او اور چیئر پرسن بن گئیں جو کہ ایک قدامت پسند نوجوانوں کی تنظیم ہے جس کی بنیاد چارلی نے رکھی تھی۔ وہ خاندانی اقدار اور بائبلی نسوانیت کی ترویج میں سرگرم ہیں۔
ہندو نوجوان نے مسلمان خاندان پر جان قربان کردی؛ گنیش کی لازوال داستان نے آنکھیں نم کردیں
سیاسی طور پر بھی اریکا اپنے مرحوم شوہر کی طرح سخت قدامت پسند ہیں۔ وہ خواتین کے روایتی کردار کی حمایت کرتی ہیں جس میں شوہروں کی حمایت اور اطاعت شامل ہے اور روایتی بیوی تحریک سے وابستہ ہیں۔ اریکا ایک مسیحی کپڑوں کی لائن اور مذہبی پوڈکاسٹ بھی چلاتی ہیں اور ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے کے ذریعے قدامت پسند تحریک میں ایک اہم شخصیت ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








