ملک کے عوام کرکٹ کے کھیل سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، جس کی تاریخ شاہد ہے، قومی ٹیم کی اچھی کارکردگی پر قوم کی خوشی دیدنی ہوتی ہے، مگر جب ٹیم ہارتی ہے تو اسے تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے، جو فطری عمل ہے، گزشتہ دنوں انگلینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش ہونے پر قومی کرکٹ ٹیم کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ بعض سینئر کھلاڑیوں نے کپتان کو تبدیل کرنے کا مشورہ دیا، جبکہ بعض تنقید کرنے والوں کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی ہار کی اصل وجہ فاسٹ بالرز کا نہ ہونا تھا، مگر اب جبکہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کی آمد ہوچکی ہے، دیکھنا یہ ہے کہ قومی ٹیم جیت کے لئے کیا حکمت عملی بناتی ہے۔
ٹیم کی بدترین کارکردگی پر سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم میں بابر اعظم کی بطور کپتان تبدیلی حل نہیں بلکہ کپتان کے مائنڈسیٹ کو تبدیل کرنا ضروری ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ اصل مسئلہ کپتانوں کا مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا ہے اور کپتانوں کا مائنڈ سیٹ ہماری مینجمنٹ تبدیل کرے گی تاکہ واضح ہوجائے کہ ہم اپنے کپتان سے کیسا مائنڈ چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک یہ صرف بابر اعظم کی ہی غلطی نہیں یہ کھلانے والی مینجمنٹ اور سینئر کھلاڑی جو اس وقت ٹیم میں موجود ہیں ان کی بھی ہے۔
اب جبکہ ملک میں کرکٹ کی باگ دوڑ نجم سیٹھی کے ہاتھ میں آگئی ہے اور انہیں چیئرمین پی سی بی بنادیا گیا ہے، اُن کا کہنا ہے کہ ہماری طرف سے رمیز راجا سے کوئی تصادم نہیں، میں تو پہلے بھی خود استعفیٰ دے کر چلا گیا تھا جب کہ نئی حکومت آئی تو مجھے انتہائی اعلیٰ سطح سے پیغام دیا گیا کہ آپ نے کہیں نہیں جانا آپ بیٹھے رہیں ہماری بات چیت ہوگئی ہے آپ کو نہیں ہلایا جائے گا لیکن میں نے دیکھا یہ مناسب نہیں، پیٹرن انچیف کا حق ہے کہ وہ جس کو لائے، ہمارا تصور تھا عمران خان کا ویژن چیزوں کوبہتر کرے گا اس لیے میں نے عزت کے ساتھ گھر جانے کو ترجیح دی۔
نجم سیٹھی سابق چیئرمین پی سی بی ہونے کے ناطے کرکٹ کا اچھا تجربہ رکھتے ہیں اور اپنے سابق دور میں کرکٹ کی بہتری کے لئے کوشاں بھی رہے ہیں، شائقین کرکٹ کو ان سے توقعات ہیں کہ وہ کرکٹ کی بہتری کے لئے اچھے اور موثر اقدامات اُٹھائیں گے، اب جبکہ دیگر ممالک کی ٹیموں نے پاکستان کے دورے بھی کرنا شروع کردیئے ہیں، تو اس حوالے سے مثبت سوچ کو لے کر آگے بڑھنا چاہئے، تاکہ ملک میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ بحال ہو اور کرکٹرز کو روزگار کے مواقع بھی میسر آسکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں