ڈیپ فیک ٹیکنالوجی آہستہ آہستہ دنیا کیلئے ایک خطرہ بنتی جا رہی ہے کیونکہ بہت سی مشہور اور بااثر شخصیات اس کا خمیازہ بھگت رہی ہیں، اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی بھی ڈیپ فیک کا شکار ہونے والوں میں شامل ہیں۔
ڈیپ فیک تصاویر/ویڈیوز ڈیجیٹل طور پر ایک شخص کے چہرے کو دوسرے شخص کے چہرے پر لگادیئے جاتے ہیں۔ جارجیا میلونی کی ڈیپ فیک ویڈیوز 2022 میں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے سامنے آئیں۔
اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی قانونی کارروائی کر رہی ہیں اور ان کی آن لائن نمایاں ڈیپ فیک ویڈیوز کی غیر مجاز تخلیق اور تقسیم کے بعد انہوں نے ایک لاکھ یورو ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔
حکام نے ایک 40 سالہ شخص اور اس کے 73 سالہ والد کے خلاف مبینہ طور پر ویڈیوز بنانے اور شیئر کرنے کے الزام میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے، جس میں وزیر اعظم جارجیا میلونی کے چہرے کو ڈیجیٹل طور پر فحش مواد سے تبدیل کیا گیا۔
بی بی سی کے مطابق پولیس نے ملزم کو اس ڈیوائس کی ٹریکنگ کے ذریعے تلاش کیا جو ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
اٹلی میں ہتک عزت کے مقدمات کو قانون کے تحت مجرمانہ فعل سمجھا جا سکتا ہے، جس کی وجہ سے جیل کی سزا ہو سکتی ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق جارجیا میلونی کو 2 جولائی کو عدالت میں پیش ہونا ہے۔ فرد جرم میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بدلی ہوئی ویڈیوز امریکا میں ایک فحش ویب سائٹ پر پوسٹ کی گئی تھیں، جو کئی مہینوں میں “لاکھوں آراء” جمع کر چکی ہیں۔
اطالوی وزیر اعظم کی نمائندگی کرنے والی قانونی ٹیم نے 100000 یورو ہرجانے کی درخواست کو “علامتی” قرار دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم صنفی بنیاد پر تشدد سے متاثرہ خواتین کی مدد کرنے والی تنظیموں کو پوری رقم عطیہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
جارجیا میلونی کی وکیل ماریا جیولیا مارونگیو نے اس بات پر زور دیا کہ معاوضے کے مطالبے کا مقصد طاقت کے اس طرح کے استحصال کا نشانہ بننے والی خواتین کو آگے آنے اور انصاف کے حصول کی ترغیب دینا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








