جاپانی کمپنی ٹیرا موٹرز نے پاکستان میں الیکٹرک رکشہ متعارف کرا دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

Japan’s Terra Motors launches electric rickshaw in Pakistan
ONLINE

جاپان کی مشہور الیکٹرک وہیکل کمپنی ٹیراموٹرز نے پاکستان کی مارکیٹ میں قدم رکھتے ہوئے بیٹری سے چلنے والا جدید تین پہیہ الیکٹرک رکشہ متعارف کرایا ہے جسے کیورو کا نام دیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ نئی سواری نہ صرف عام مسافروں کو آرام دہ سفری سہولت فراہم کرے گی بلکہ لاسٹ مائل لاجسٹکس یعنی سامان کی ترسیل میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

کمپنی کے مطابق کیورو جدید خصوصیات سے آراستہ ہے۔ یہ ایک چارج پر 200 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کی رفتار 55 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد ہے۔

کرایہ چنگ چی سے بھی کم! پنجاب کے ایک اور مشہور شہر میں الیکٹرک بس سروس شروع

اس میں نصب 11پوائنٹ 7 کلو واٹ آور بیٹری طویل المدتی ہے اور صرف چار گھنٹوں میں مکمل چارج ہو جاتی ہے۔

اس کے دو اسپیڈ گیئر باکس کی بدولت یہ رکشہ آسانی سے پہاڑی اور ڈھلوانی راستوں پر بھی چل سکتا ہے۔ کم خرچ، ہموار سواری اور تیز رفتار اس کی وہ نمایاں خصوصیات ہیں جو پاکستانی مارکیٹ میں اسے منفرد بناتی ہیں۔

ٹیراموٹرز کی بنیاد 2010 میں جاپان کے شہر ٹوکیو میں ٹورو توکوشیگے نے رکھی تھی۔

کمپنی اس وقت بھارت، بنگلہ دیش، ویتنام اور جاپان میں اپنی پروڈکشن فیکٹریاں چلا رہی ہے جبکہ نیپال، تائیوان، تھائی لینڈ اور کئی دیگر ایشیائی و افریقی ممالک میں بھی اپنی موجودگی قائم کر چکی ہے۔

اب پاکستان میں کیورو کی لانچ کے ساتھ کمپنی ماحولیاتی طور پر محفوظ اور جدید سفری سہولتوں کے نئے دور کا آغاز کر رہی ہے۔

Related Posts