کراچی کے علاقے منوڑہ کے سمندر میں بحری جہاز کی ٹکر سے کشتی ڈوب گئی، ڈوبے ہوئے 4 افراد کی تلاش جاری ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کشتی پر 10 افراد سوار تھے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیم نے 6افراد کو سمندر سے نکال لیا جبکہ 4 کی تلاش جاری ہے، جبکہ کشتی کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں لاپتہ افراد کے لواحقین تشویش میں مبتلا ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے منوڑہ کے قریب سمندر میں کشتی ڈوبنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ سمندر میں ریسکیو آپریشن تیز کرکے ڈوبے ہوئے افراد کو بچایا جائے۔
ڈی سی کیماڑی کو ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپریشن کی نگرانی کیلئے اپنی ٹیم بھیجیں۔ وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کشتی کو حادثہ چائنہ پورٹ کے قریب بحری جہاز کی ٹکر سے پیش آیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کراچی کے ساحل سمندر پر کیماڑی کے قریب دو کشتیاں ٹکرانے کے حادثے میں 2 خواتین جاں بحق جبکہ بارہ افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق نومبر کے دوران کیماڑی کے قریب منوڑہ سے بابا بھٹ جانے والی 2 کشتیوں میں تصادم ہوا، جس میں ابتدائی طور پر ایک خاتون جاں بحق ہوئی، جبکہ بعد میں زخمی ہونے والی لڑکی بھی دم توڑ گئی۔
ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ کا کہنا تھا کہ تصادم کا شکار ہونے والی دونوں کشتیوں میں 20 سے 25 افراد موجود تھے۔ تمام افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، جن میں سے 12 افراد زخمی ہوئے، جنہیں نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
امجد شیخ نے یہ بھی بتایا کہ کشتی حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 2 بچوں کی حالت تشویشناک تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








