کراچی: ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام کراچی اور جیکب آباد کے درمیان کھیلے گئے نمائشی میچ میں کراچی ویمنز ٹیم نے چار صفر سے جیت لیا ہے۔
اس موقع پر مہمان خصوصی سردار بنگل خان مہر نے کے ایچ اے گراؤنڈ پر بلو آسٹروٹرف سمیت جدید سہولتوں سے آراستہ ہاسٹل و دیگر سہولیات دینے کا بھی اعلان کیا۔
کے ایچ اے گراونڈ پر فلڈ لائٹس میں ہونے والا نمائشی ویمنز ہاکی میچ کراچی اور جیکب آباد کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں کراچی ویمنز ٹیم نے جیکب آباد ویمنز ٹیم کو 0-4 سے شکست دی۔
وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل بنگل خان مہر، سرپرست اعلی کے ایچ اے عارف اللہ حسینی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
مہمان خصوصی سردار بنگل خان مہر نے کہا کہ سندھ حکومت ہاکی کی ترقی کی لئے عملی اقدامات کررہی ہے،کراچی و دیگر شہروں کی طرح جیکب آباد میں بھی آسٹروٹرف گراؤنڈ بنایا جائے گا۔
کے ایچ اے کے سرپرست اعلیٰ عارف اللہ حسینی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور انکی ٹیم نے بہترین انداز میں قومی کھیل ہاکی کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کئے جو کبھی فراموش نہیں کئے جاسکتے۔
آخر میں کے ایچ اے سیکریٹری حیدر حسین نے معاون خصوصی برائے کھیل سردار بنگل خان مہر ,سیکریٹری اسپورٹس امتیاز علی شاہ،چیف انجینئر اسلم مہر سمیت تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا،اس موقع پر اولمپین سمیع اللہ اور حنیف خان بھی موجود تھے۔