اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بہتر ہے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی استعفیٰ دے دیں۔ حلف کی پاسداری نہیں کرسکتے تو مستعفی ہوجائیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر بوٹ ٹویٹس کی چھان بین جاری ہے۔ ان کے ٹوئٹر ہینڈل بھی ہمارے پاس آچکے ہیں۔ روبوٹ اکاؤنٹس کے ذریعے پاک فوج اور عدلیہ کے خلاف منظم طریقے سے مہم چلائی جارہی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی کابینہ نے حلف اٹھالیا
پریس کانفرنس کے دوران وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کہتے ہیں کہ کام کام اور صرف کام۔ کسی صحافی کے گھر کا گھیراؤ ہوا تو اس کا دفاع وزارتِ اطلاعات کرے گی۔ اس حوالے سے سکیورٹی فورسز اور پولیس کو ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔ صحافی کا گھیراؤ کرنے والوں کو سخت سزا دیں گے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ ہماری حکومت الزامات نہیں لگائے گی۔ جہاں جرم ہوگا، قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ عوام دیکھ رہے ہیں پنجاب میں آئینی عہدے کا کس طرح استعمال کیا جارہا ہے۔ صدرِ مملکت اگر حلف کی پاسداری نہیں کرسکتے تو مستعفی ہوجائیں۔ سابقہ حکومت کا ڈیجیٹل میڈیا ونگ ختم کردیا گیا ہے۔
وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ گورنر پنجاب کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا، انہیں گھر چلے جانا چاہئے۔ عارف علوی بھول گئے ہیں کہ وہ صدرِ پی ٹی آئی نہیں، صدرِ پاکستان ہیں۔ صدرِ مملکت کو اپنی آئینی ذمہ داریوں کا احساس نہیں ہورہا۔ کوئی میڈیا چینل بند نہیں کیا جائے گا۔ پی ایم ڈی آر اے کو ختم کیا جارہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








