تاشقند: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے غیرملکی افواج کے انخلاء کے بعد افغانستان میں پائیدار امن کے لیے عالمی برادری کی شمولیت بہت ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے ازبکستان میں منعقد ہونے والی وسطی اور جنوبی ایشیا سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل کے ساتھ ملاقات میں کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور یورپ کے درمیان تعاون اور افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم پاکستان نے اس موقع پر افغانستان میں جاری امن عمل اور افغان مذاکرات آئی اے این میں پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔
وزیراعظم پاکستان نے اس موقع پر زور دیکر کہا کہ یہ تنازعہ صرف افغان زیر قیادت اور افغان ملکیت میں سیاسی عمل کے ذریعے ہی طے پاسکتا ہے۔ جس کے لیے جامع مذاکرات بہت ضروری ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں غیر ملکی افواج کے انخلاء کے بعد عالمی برادری کی مستقل شمولیت کی اہمیت پر زور دیا تاکہ افغانستان میں پائیدار امن کی صورتحال پیدا ہو۔
اس موقع پر وزیراعظم نے یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل کو افغانستان کی خراب ہوتی ہوئی صورتحال اور پاکستان پر اس کے منفی اثرات پر اپنی گہری تشویش سے آگاہ کیا۔ انہوں نے یورپین یونین اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ افغان مہاجرین کی بھی مدد کریں۔
اس ملاقات میں وزیر اعظم پاکستان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت رزاق دائود، قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف اور سیکٹری خارجہ سہیل محمود بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: اس دھرتی کی بیٹی ہوں اپنی فوج سے محبت کرتی ہوں، مریم نواز
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








