کراچی سمیت سندھ کے متعدد اضلاع میں آج بدھ کے روز تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بارش بھارت کی ریاست گجرات کے اوپر بننے والے موسمی نظام کے زیرِ اثر ہو گی جو سندھ کے کئی شہروں کو متاثر کر رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج کراچی، عمرکوٹ، تھرپارکر، بدین، سانگھڑ، مٹھی، میرپور خاص، حیدرآباد، سجاول، ٹھٹھہ، ٹنڈو الٰہ یار، ٹنڈو محمد خان، جامشورو، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ، دادو اور خیرپور کے اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔
گزشتہ روز بھی اسی موسمی نظام کے اثرات کے تحت کراچی اور سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے اولڈ ایئرپورٹ کے علاقے میں سب سے زیادہ 34 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
احتیاط نہ کی تو پچھتانا پڑے گا! کراچی میں بارشوں کا نیا طوفانی اسپیل داخل ہوگیا
پی اے ایف فیصل بیس پر 30 ملی میٹر، ڈی ایچ اے میں 27 ملی میٹر، گلشن حدید میں 25 ملی میٹر، جناح ٹرمینل اور کورنگی میں 21 ملی میٹر، بحریہ ٹاؤن میں 9 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ اور کیماڑی میں 8 ملی میٹر جبکہ ناظم آباد، نارتھ کراچی اور مسرور بیس پر ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
اسی طرح سکرنڈ میں 41 ملی میٹر، پڈی دن میں 29 ملی میٹر، میرپور خاص میں 27 ملی میٹر، حیدرآباد شہر میں 23 ملی میٹر، ایئرپورٹ اور ٹنڈو جام میں 6، دادو اور نوابشاہ میں 2 جبکہ ٹھٹھہ میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔
عمان کے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور محکمہ موسمیات نے بدھ کے روز تصدیق کی کہ بحیرہ عرب کے شمال مشرقی حصے میں بھارتی ریاست گجرات کے قریب ایک ٹراپیکل ڈپریشن بن گیا ہے۔
اس ڈپریشن کو 22 اعشاریہ 5 ڈگری شمالی عرض البلد اور 68 اعشاریہ 8 ڈگری مشرقی طول البلد پر ریکارڈ کیا گیا، جہاں مرکز کے قریب ہوا کی رفتار 37 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک نوٹ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ نظام مغرب کی جانب وسطی بحیرہ عرب کی طرف بڑھ سکتا ہے اور آئندہ 48 گھنٹوں میں مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








