کراچی:پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے سندھ اسمبلی کے باہر جماعت اسلامی کے دھرنے میں کیا بڑا اعلان۔ جماعت اسلامی اکیلی نہیں ہے، پی ایس پی ساتھ کھڑی ہے اور پیپلز پارٹی کو کراچی کے حقوق چھیننے نہیں دے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیاتی ترمیمی قانون کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاجی دھرنے میں اظہار یکجہتی کے لیے سندھ اسمبلی کے باہر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پی ایس انیس قائم خانی سمیت دیگر مرکزی قائدین اور عہدیداران بھی موجود تھے۔
ان کاکہناتھا کہ ہم جماعت اسلامی کے ساتھ دھرنے میں بیٹھنے کے لئے تیار ہیں، آپ رات دو بجے بلائیں گے ہم آئیں گے، ہم جماعت اسلامی کے جھنڈے لے کر دھرنے میں بیٹھیں گے۔ پیپلز پارٹی سمجھ لے کہ جماعت اسلامی اکیلی نہیں ہے۔
اگر کوئی یہ سوچتا ہے دھرنا ختم ہو جائے گا تو یہ ممکن نہیں۔ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے 50 سے زائد اراکین صوبائی اسمبلی اگر بلدیاتی ترمیمی ایکٹ کی کاپیاں پھاڑنے کے بجائے اسمبلی ہی میں دھرنا دیتے تو پیپلز پارٹی کی مجال نہیں تھی کہ بل پاس ہوتا۔
دھرنے کے شرکاء خراج تحسین کے مستحق ہیں، ہم پہلے دن سے کہتے چلے آئے ہیں کہ جاگیردارنہ وڈیرانہ سوچ کے حامل لوگوں نے بلدیاتی قانون منظور کیا ہے جنہیں عوام کے مسائل کا ادراک ہی نہیں۔ پی ایس پی نے بلدیاتی قانون کے خلاف آواز بلند کی، اس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہئے، یہاں کراچی سے جینے کا حق چھینا جارہا ہے، سیاست تو انتخابات میں کرلیں گے۔
آج پاکستان کے معاشی حب کراچی میں پڑھے لکھے نوجوان خودکشیاں کررہے ہیں۔ 22 کروڑ خودکشی نہیں کریں گے، مار کر مریں گے۔پیپلز پارٹی کل کے دہشت گرد آج بنارہی ہے، پیپلزپارٹی کو کوئی روکنے والا نہیں۔
اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے ریاست پاکستان ظالم حکمرانوں کو ظلم کرنے سے روکے۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو گلی کوچوں میں حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
مزید پڑھیں:منی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، حکومت فوری واپس لے، سراج الحق
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








