امن عمل کی کوششوں کو تیز کرنے کے مقصد کے لئے پاکستان کی جانب سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں سینئر افغان سیاسی رہنماء شریک ہوں گے، پاکستان جنگ زدہ قوم کے لئے امن کی بحالی کی کوششوں کی خاطر اس کانفرنس کی میزبانی کرے گا، کیونکہ طالبان کی پیش قدمی اور امریکی انخلاء اب مکمل ہونے کے قریب ہے۔
طالبان کی جانب سے تیزی سے پیش قدمی کرنے اور متعدد اضلاع پر قبضہ کرنے کے بعد پاکستان اب زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرنے کے لئے سفارتی اقدامات اٹھا رہا ہے۔ افغان طالبان پاکستان کی سرحد پر ہیں۔ انہوں نے اسپن بولدک – چمن بارڈر کراسنگ پر قبضہ کرلیا ہے، اور وہاں پر اپنا جھنڈا بھی لہرا دیا ہے، دونوں ممالک کے مابین تجارت بند ہوچکی ہے۔ سیکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال نے خانہ جنگی کی صورتحال کو ہوا دی ہے، جس کے باعث دوسرے دہشتگرد گروہوں بھی اس سے مدد مل سکتی ہے۔
اگرچہ کانفرنس کی تاریخوں کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے،مگر اس کے مقاصد واضح ہونے چاہئیں۔ اسلام آباد اس اجلاس کا انعقاد کرنا چاہتا ہے کیوں کہ حکومت اور طالبان کے مابین امن مذاکرات میں مہینوں سے کوئی کامیابی نظر نہیں آرہی۔ بہت سارے سینئر افغان رہنما، جنھیں اس اجلاس کے لئے مدعو کیا گیا ہے، وہ بھی امن عمل کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کے لئے دوحہ جا رہے ہیں۔
پاکستان سمیت علاقائی ممالک افغانستان کی ابتر صورتحال سے پریشان ہیں اور مشترکہ طور پر کوششیں کررہے ہیں کہ متحارب افغان جماعتوں کو سیاسی تصفیے تک پہنچانے کے لئے صورتحال کو قابو سے باہر ہونے سے بچایا جاسکے۔ پاکستان تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ منسلک رہا ہے اور کوششیں کر رہا ہے لیکن وہ افغانستان کے لئے کوئی حل تجویز نہیں کرسکتا۔ یہ ذمہ داری یقینا خود افغانوں پر عائد ہوتی ہے۔
اگر تنازعہ بڑھتا ہے تو امن عمل زیادہ مشکل ہوگا۔ پڑوسی ممالک میں مہاجرین کی بڑے پیمانے پر نقل و حرکت یا آمد کا خدشہ بھی ہے۔ یہاں تک کہ ایران اور تاجکستان کے ساتھ ملحقہ سرحد پر بھی طالبان نے بارڈر کراسنگ پر قبضہ کرلیا ہے اور عام افغانوں کے پاس طالبان کی بربریت سے بچنے کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ منفی صورتحال کے باوجود، ابھی بھی امید ہے کہ افغان پارٹیوں کے مابین سیاسی تصفیہ ہوسکتا ہے۔
پاکستان نے امریکہ اور طالبان کے درمیان معاہدے کے انتظام اور سہولت کاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اب توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستان ایک بار پھر افغانی پہلوؤں پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرے گا۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ ایک مشکل کام ہے کیونکہ طالبان تیزی سے پیش قدمی کر رہے ہیں اور جلد ہی کسی بھی وقت ملک پر قبضہ کر سکتے ہیں۔