فرانس: نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے اجلاس میں شرکت کیلئے وزیراعظم شہبازشریف فرانس پہنچ گئے۔ وزیراعظم فرانس کا سرکاری دورہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکخواں کی دعوت پر کررہے ہیں۔
عالمی مالی تعاون کے معاہدے کے سلسلے میں منعقد ہونے والے اجلاس میں پائیدار ترقی، متبادل اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مستقبل میں عالمی مالی تعاون کے نظام میں تبدیلیوں پربات ہوگی۔
وزیراعظم جی 77 کے کلیدی رکن اورموسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہونے والے ملک کے سربراہ کے طورپر اجلاس سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم اجلاس میں شرکت کے علاوہ اس موقع پر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
وزیراعظم نے اس سے قبل ایک ٹویٹ میں کہا کہ اجلاس سے دنیا کو عالمی مالیاتی نظام میں جامع تبدیلیوں، مالی قواعد وضوابط کو توسیع دینے اور اس سلسلے میں مزید ضروری اقدامات کرنے کا منفرد موقع بھی میسر آئے گا۔
مزید پڑھیں:ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم بےنظیر بھٹو کی 70ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے
انہوں نے کہاکہ G 77 پلس چائنہ گروپ کے اہم فریق کی حیثیت سے پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے دو جار ملک کے طورپر عالمی مالیاتی نظام کیلئے کردارادا کرنے کیلئے بہترپوزیشن میں ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








