لاہور: ملک کے مختلف شہروں میں سابق وزیر اعظم عمران خان گرفتاری کی خبر پر پی ٹی آئی کے کارکن احتجاج کرنے سڑکوں پر نکل آئے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں سٹار گیٹ، شاہین کمپلیکس، سہراب گوٹھ، اورنگی ٹاؤن، فور کے، فائیو سٹار، داؤد چورنگی، ماری پور، قیوم آباد، حسن اسکوائر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے عمران خان کی گرفتاری پر احتجاجی مظاہرہ کیا، احتجاج کے باعث شہر کی اہم شاہرہوں کو بلاک کردیا گیا۔
کبیروالا میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے ملتان اسلام آباد روڈ بلاک کر دیا، مظاہرین نے حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔پی ٹی آئی چیئرمین کے آبائی حلقہ میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین کی جانب سے کمرمشانی کے مقام پر روڈ بلاک کر دیا گیا۔
تحریک انصاف کے کارکنوں نے خان پور میں بھی نواں کوٹ چوک پر احتجاج کیا، ملتان میں عمران خان کی گرفتاری کی خبر پر چونگی نمبر نو پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، پی ٹی آئی کارکنوں نے ٹائر جلا کر سڑک کو ٹریفک کے لیئے بند کر دیا، حکومت اور پولیس کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
اسلام آباد کے علاقے ترنول میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے جی ٹی روڈ بند کر دیا گیا، جس کے بعد پولیس کی نفری طلب کر لی گئی، پولیس نے کہا کہ اسلام آباد میں کسی بھی جگہ احتجاج نہیں کرنے دیا جائے گا، اس کے علاوہ پی ٹی آئی کارکن احتجاج کیلئے کمیٹی چوک پہنچے، مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری کے خلاف کرک میں بھی کارکنان سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے انڈس ہائی وئے تنگوڑی چوک کے مقام پر بلاک کر دی، جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمدو رفت معطل ہو گئی، مظاہرین نے ٹائر جلا کر حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مزید پڑھیں:کسی پولیس کے افسر یا جوان کو کوئی گزند پہنچی تو ذمہ دار عمران خان ہو گا: مریم نواز
لکی مروت میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاجاً انڈس ہائی وے کو گنڈی چوک کے مقام پر بند کر دیا۔وزیرآباد میں انصاف یوتھ ونگ کے زیر اہتمام احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے جی ٹی روڈ بلاک کر دیا جس کے جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








