شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں آج جمعرات کی صبح مسلسل دوسرے روز بھی بارش ہوئی جس کے نتیجے میں موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت کی جگہ ہلکی پھلکی سردی نے لے لی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج صبح کے وقت ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بارش کے باعث مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جبکہ محکمۂ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
گورنراوروزیر اعلیٰ سندھ کی مزارِ قائد پر حاضری اور فاتحہ خوانی
روزہ داروں سمیت کراچی کے مختلف شہریوں نے رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی بارش کو خوش آئند قرار دیا۔ آج صبح ساڑھے 7 بجے سے سوشل میڈیا پر بارش کی ویڈیوز اپ لوڈ کی جانے لگیں۔
مختلف علاقوں میں ہلکی پھلکی اور کسی قدر تیز بارش بھی ہوئی۔ لیاری، سرجانی ٹاؤن، شارعِ فیصل، ائیرپورٹ، صدر، ایم اے جناح روڈ، شاہ فیصل کالونی، گلستانِ جوہر، سچل گوٹھ، ملیر اور ماڈل کالونی میں بارش ہوئی۔
سہراب گوٹھ، گلزارِ ہجری، ڈیفنس، قیوم آباد، اعظم ٹاؤن اور اختر کالونی سمیت گردونواح کے علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ محکمۂ موسمیات نے بدھ سے کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی تھی۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا تھا کہ بحیرۂ عرب میں بارش اور گرج چمک کا سسٹم تیار ہے جو شہر کے کچھ علاقوں میں بارش کا سبب بنے گا۔ بارش کا یہ نیا سسٹم حیدر آباد، بدین اور ٹھٹھہ کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








