اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرکے آئین میں سوراخ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کیا ہے، وفاقی حکومت نے نہیں۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ صدر کے حکم نامے کی اہمیت ردّی کے ٹکڑے کے برابر بھی نہیں۔ اس مسکین کی اوقات ہی کیا کہ اس کا مواخذہ کیا جائے۔
قومی اسمبلی نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر منی بجٹ منظور کرلیا
گفتگو کے دوران وزیرِ داخلہ نے کہا کہ صدر عارف علوی کے خلاف مواخذے کا فیصلہ اتحادی حکومت کے پارٹی سربراہوں کو کرنا ہے۔ صاف و شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ عمران خان کو کرپشن کیس میں سزا ہوگی۔
وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن یہ سمجھتا ہے کہ صاف و شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے کیونکہ نگراں حکومت ہے تو انتخابات نہیں ہوسکتے۔ عمران خان پلستر لگا کر بیٹھے ہیں۔ بہانے کا مقصد عدالت میں پیش نہ ہونا ہے۔
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ عمران خان ٹیریان اور توشہ خانہ کیسز میں پیش ہونے سے بچنا چاہتے ہیں۔ وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ انہوں نے گھڑیاں چوری نہیں کیں یا ٹیریان ان کی بیٹی نہیں ہے۔ آڈیو لیک پر جج ارشد ملک ڈسمس ہوگئے تھے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جسٹس قیوم ملک مستعفی ہوگئے۔ نئی آڈیو لیکس کا فارنزک کیا جارہا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور یاسمین راشد آڈیو لیکس کو حقیقی تسلیم کرچکے۔ رپورٹ آنے پر کارروائی کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








