ایران پر جاری امریکا و اسرائیل حملوں اور مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے،ملک میں پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں 32 روپےفی لیٹر اضافے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 15 مارچ تک 153 روپے50 پیسےسےبڑھ کر186روپے47 پیسےہونےکا امکان ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 50 روپے سے زائد فی لیٹر بڑھ جانے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں ہائی اسپیڈڈیزل کی قیمت 93 ڈالر2 سینٹ سےبڑھ کر138 ڈالرفی بیرل پہنچنے کا امکان ہے، پیٹرول کی فی بیرل قیمت 79 ڈالر 14سینٹ سے بڑھ کر97 ڈالر92 سینٹ تک جا پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے واضح کیا کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات یعنی پیٹرول، ڈیزل اور دیگر ایندھن کے ذخائر موجودہ صورتحال میں قومی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے مکمل طور پر کافی ہیں۔
تاہم حال ہی میں مشرق وسطیٰ کی کشیدگی اور آبنائے ہرمز سے متعلق خدشات کے باعث سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے اوگرا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر ایندھن کی بڑی مقدار خریدنے یا گھروں میں ذخیرہ کرنے سے گریز کریں۔ ایسا کرنے سے مصنوعی قلت پیدا ہو سکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








