این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا.
الرٹ کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔
جاری کردہ بیان میں ترجمان نے کہا کہ بڑے دریاؤں بشمول دریائے جہلم، راوی، ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔ پنجاب میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، حافظ آباد، سرگودھا اور خوشاب میں بارشیں متوقع ہے۔
سمندری طوفان آرہا ہے؟ کراچی کے ساحل پر خطرے کی گھنٹی بج گئی، اہم ہدایات جاری
خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، ہری پور، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم اور مانسہرہ میں وقفے وقفے بارشوں کا امکان ہے۔ مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ابیٹ آباد، بنوں، بونیر، ہزارہ، پشاور صوابی، وزیرستان اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
سندھ میں کراچی، جامشورو، ٹھٹہ، بدین، سجاول، تھرپارکر اور عمر کوٹ میں بھی بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرمیں ممکنہ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈز کے خطرے کے پیشِ نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے ریڈیو، ٹی وی اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ سے راہنمائی لیں۔نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر تمام متعلقہ اداروں کو بر وقت معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔
این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔ مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں اور ہنگامی حالات میں متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








