گیس لوڈشیڈنگ کے لیے تیار رہیں!

تازہ ترین

تازہ ترین

سردیوں کے موسم کی آمد کے ساتھ ہی گیس کا بحران مزید سنگین ہوتا دکھائی دے رہا ہے کیونکہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (SSGC) نے کراچی بھر کی صنعتوں کو گیس کی سپلائی روک دی ہے، جبکہ سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا ہے کہ ذخائر میں کمی کے باعث گیس صارفین کو 16 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پاکستان کیلئے وقت کے ساتھ اس بات کی ضرورت شدت سے بڑھتی جا رہی ہے کہ وہ تیل اور گیس جیسے ضائع اور ختم ہونے والے ذرائع توانائی کے بجائے قابل تجدید توانائی کے استعمال کی طرف بڑھے۔

 ملک میں سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی سردی سے بچاؤ اور کھانا پکانے کے لیے گیس کی مسلسل فراہمی کی ضرورت گرمیوں کی نسبت بڑھ جاتی ہے، خاص طور پر ان دور درازعلاقوں میں جو شدید موسم کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔ ان حالات میں عوام جو پہلے ہی 12 گھنٹے تک کی گیس کی لوڈشیڈنگ سہہ رہے ہیں، ذخائر مزید کم ہونے کے بعد خدشہ ہے کہ 16 گھنٹے تک گیس کی عدم فراہمی کا سامنا کریں گے۔

 بین الاقوامی پابندیوں کی وجہ سے پاکستان کیلئے ایران سے گیس درآمد کرنے کے امکانات محدود ہیں اور روس اور یوکرین کے درمیان تنازع نے اس سلسلے میں مزید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ چونکہ خلیجی ممالک کی گیس یورپ میں بڑھتی ہوئی طلب کی وجہ سے آؤٹ آف اسٹاک ہے اور اب حکام مختلف ممالک سے مختلف راستے تلاش کرنے کے لئے ہاتھ پیر مار رہے ہیں لیکن یہ وقت بتائے گا کہ یہ کوششیں نتیجہ خیز ہوں گی یا نہیں۔

ان تمام مشکلات اور چینلجز کو سامنے رکھتے ہوئے ریاست کو وسائل کے انتظام کی پالیسی نافذ کرنی چاہیے، جس کے تحت گیس اور تیل جیسے غیر قابل تجدید توانائی کے ذرائع پر انحصار کو کم کم کرنے کی فکر کی جائے۔ اس مقصد کیلئے ضرورت اس امر کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بجلی اور شمسی توانائی کی طرف آنے کی ترغیب دی جائے اور ان ذرائع سے ضروریات پوری کرنے کو آسان تر بنایا جائے۔ اس کیلئے حکومت کو ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا ہوگا اور بڑے پیمانے پر آگہی مہم چلانا ہوگی۔

 وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے طور طریقے بدلیں تاکہ ہم بدلتے ہوئے ماحول اور حالات کے مطابق اپنی ضرورتوں کو ڈھال سکیں۔ گیس ہرگز قابل بھروسہ وسیلہ نہیں ہے، جتنی جلد ہم اس حقیقت کو سمجھ لیں گے، اتنی ہی جلدی ہم اپنی صلاحیتوں، توانائی، وسائل اور مہارت کو متبادل کی طرف لے جانے میں کامیاب ہوں گے اور یہی مستقبل میں توانائی سے وابستہ ہمارے جملہ قومی مسائل کا واحد حل ہے۔

Related Posts