کراچی: ایشیا کپ کے فائنل سے قبل عوامی دلوں اور دماغوں کی حفاظت کے لیے غیر سرکاری مگر نہایت ضروری ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔
ماہرین کرکٹ اور ماہرین امراضِ قلب نے مشترکہ طور پر خبردار کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران صرف کھلاڑی ہی نہیں، شائقین بھی نروس بریک ڈاؤن کا شکار ہو سکتے ہیں۔
ہدایت نامے میں سب سے پہلے نماز اور دعا کی تاکید کی گئی ہے کیونکہ میچ جیتنے کے لیے کھلاڑیوں کی فارم سے زیادہ عوام کی بد دعا اور دعا کام آتی ہے۔ ساتھ ہی تسبیح، جائے نماز اور وضو کی مسلسل تجدید پر زور دیا گیا ہے۔
آج پاکستان کی جیت پکی! شاہین ممکنہ مین آف دی میچ، وسیم اکرم نے فتح کے گرسکھادیئے
میچ کے دوران پیناڈول کا پتہ اور بلڈ پریشر چیک کرنے والا آلہ فوری قریب رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کی بیٹنگ کے دوران بلڈ پریشر زیادہ اور پاکستان کی بیٹنگ کے دوران صبر کا پیمانہ کم ہو جاتا ہے۔
کمرے میں موجود تمام قیمتی اشیاء کا انخلاء بھی ضروری ہے کیونکہ ہر آؤٹ پر لوگ ریموٹ اور بوتلیں ٹی وی کی طرف پھینک دیتے ہیں۔ اسی تناظر میں تجویز دی گئی ہے کہ ٹی وی کے سامنے صرف وہی چیز رکھی جائے جس کے ٹوٹنے پر گھر والے خوش ہوں۔
مزید برآں، ماحول کو ہلکا رکھنے کے لیے جواد میراثی کا سونگ اور تاریخی قومی ترانہ تم جیتو یا ہارو، ہمیں تم سے پیار ہے بیک اپ کے طور پر تیار رکھنا چاہیے تاکہ شکست کی صورت میں غصہ، آنسو اور گھریلو لڑائی سب کم کیا جا سکے۔
بھارتی شائقین سے کہا گیا ہے کہ وہ میچ سے پہلے وِکس کا ان ہیلر اور ہاجمولا ضرور استعمال کریں تاکہ شکست کے بعد کم از کم سانس اور ہاضمہ درست رہے۔
ساتھ ہی بھارتی شائقین کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ ویرات کوہلی کے چھکوں پر شور مچانے کے بجائے روہت شرما کی فٹنس پر دعا کریں کیونکہ اکثر ان کی سانس اور کریز دونوں ساتھ چھوڑ دیتے ہیں۔
آخر میں حکام نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ میچ کے دن صبر، دعا، دوا اور ہنسی کا انتظام ساتھ رکھیں کیونکہ پاکستان اور بھارت کا میچ دل والوں کے لیے نہیں بلکہ دل جگر والوں کے لیے کھیلا جاتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








