سمانتھا روتھ پربھو نے ماضی میں ایک انٹرویوز کے دوران بتایا تھا کہ مایوسائٹس بیماری نے “سیٹاڈل ہنی بنی” کی شوٹنگ کے دوران ان کی صحت کو شدید متاثر کیا۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں سمانتھا نے انکشاف کیا کہ انہوں نے شو کے ہدایتکاروں راج اور ڈی کے سے اپنی جگہ کسی اور اداکارہ کو لینے کی تجویز دی تھی۔ ان کے مطابق، انہوں نے کیارا اڈوانی اور کریتی سینن کے نام پیش کیے تھے۔
گالاتا انڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سمانتھا نے اس وقت کے چیلنجز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے توقع نہیں تھی کہ چند ماہ بعد مجھے راج اور ڈی کے سے کہنا پڑے گا کہ کسی اور ہیروئن کو منتخب کریں کیونکہ میرے لیے یہ ممکن نہیں لگ رہا تھا۔ اس وقت کے حالات میں مجھے لگا کہ میں یہ نہیں کر سکتی۔”
انہوں نے یہاں تک کیا کہ ہدایتکاروں کو ممکنہ متبادل اداکاراؤں کی تصاویر بھیجیں۔میں نے واقعی انہیں کیارا اور کریتی کی تصاویر بھیجیں۔ مجھے یاد ہے کہ میں نے چار تصویریں بھیج کر کہا ‘اوہ میرے خدا، وہ کتنی خوبصورت ہیں۔ دیکھو، وہ ایکشن سینز میں لاجواب ہوں گی۔
اپنی صحت کے مسائل کے باوجود سمانتھا نے “سیٹاڈل ہنی بنی” میں اپنا مشکل ایکشن کردار مکمل کیا اور ان کی کارکردگی کو وسیع پیمانے پر سراہا گیا۔ٹریلر لانچ کے دوران ان کے ساتھی اداکار ورن دھون نے ان کی مضبوطی اور لگن کی تعریف کی۔
ورن دھون نے کہا کہ میں نے کبھی کسی ساتھی اداکار کو سیٹ پر اتنے چیلنجز کا سامنا کرتے نہیں دیکھا۔ آپ انسانی عزم اور مضبوطی کے بارے میں بہت کچھ سیکھتے ہیں جب آپ کسی کو مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے کامیاب ہوتے دیکھتے ہیں۔ سمانتھا نے نہ صرف مجھے بلکہ راج، ڈی کے، سیتا اور ایمازون کی پوری ٹیم کو متاثر کیا۔ ان کی اس ایکشن سے بھرپور شو کے لیے لگن واقعی تحریک بخش ہے۔
یاد رہے کہ “سیٹاڈل ہنی بنی” امریکی جاسوسی اور ایکشن سیریز “سیٹاڈل” کا بھارتی ورژن ہے، جس میں پریانکا چوپڑا اور رچرڈ میڈن نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔ یہ ایمیزون پرائم ویڈیو پر دستیاب ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








