کراچی میں بلوچ آئسکریم کے مالک 5 بھائیوں پر گولیوں کی برسات، 2 لقمہ اجل

تازہ ترین

تازہ ترین

2 brothers killed in guru mandir shooting

کراچی: شہر قائد میں ایک بارپھر ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا، گرومندر کے قریب بلوچ آئسکریم کے مالک 5 بھائیوں پر فائرنگ، 2 بھائی جاں بحق، 2 شدید زخمی، ایک بھائی محفوظ رہا۔

واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ملزمان گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے آتے ہیں اور گرومندر کے علاقے میں پہنچ کر گاڑی کو گھیرے میں لے لیتے ہیں۔3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 حملہ آوروں کو دیکھا گیا۔

حملہ آوروں نے گاڑی کے چاروں اطراف فائرنگ کی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں فائرنگ کرنے والے ملزمان کے چہرے بھی واضح نظر آ ئے۔

ملزمان نے اطمینان سے فائرنگ کی، اس دوران گاڑی آہستہ سے خود بخود چلتی رہی، ملزمان واردات انجام دے کر باآسانی فرار ہو گئے۔

ایس پی جمشید کوارٹر علینہ راجپر کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان نے گرو مندر چوک کے قریب سیاہ رنگ کی کار کو فائرنگ سے نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 2 طرف سے کار پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کار میں سوار 2 بھائی واجد اورنگزیب اور شان اورنگزیب شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پہنچنے تک دونوں بھائیوں کی موت واقع ہو چکی تھی۔

ایس پی جمشید کوارٹرز علینہ راجپر کے مطابق کار میں 5 بھائی سوار تھے، جن میں سے 2 جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوئے ہیں، دونوں زخمیوں کو نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ایک کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ پانچواں بھائی حملے میں بال بال بچ گیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔گورنر سندھ کے ترجمان کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ہدایت کی ہے کہ فائرنگ میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے۔گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ شہر کے درمیان اس طرح کا واقعہ ہونا انتہائی تشویش ناک ہے۔

Related Posts